نہ سازش ہوئی اور نہ مقدمہ چلے گا : ارکان پارلیمان

   

سابق ولیعہد شہزادہ حمزہ کیخلاف کیس نہیں چلے گا: حکومت
امان : اردن کی پارلیمان کے ارکان نے وزیراعظم بشرالخصاونہ کے حوالے سے کہا ہیکہ ’’حکومت کا تختہ الٹنے کی کوئی سازش نہیں ہوئی تھی اور سابق ولی عہد شہزادہ حمزہ بن حسین کیخلاف کوئی مقدمہ بھی نہیں چلایا جائیگا۔‘‘دو ارکان صالح الارموطی اور محمد العلقمہ نے کہا ہے وزیراعظم نے آج اس امر کی تصدیق کی ہیکہ حکومت کا تختہ الٹنے کی کوئی سازش نہیں ہوئی تھی۔‘‘ایک اور رکن پارلیمان عمرالعیاسرہ نے کہا کہ ’’اس (کیس) میں ملوّث شہزادہ حمزہ کے سوا ہرکسی کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔سابق ولیعہد کے ساتھ شاہی خاندان کی روایت اور فریم ورک کے مطابق معاملہ کیا جائے گا۔‘‘پہلے اردنی حکومت نے شہزادہ حمزہ پر یہ الزام عائد کیا تھاکہ ان سے غیرملکی پارٹیوں سے وابستہ لوگوں کے روابط تھے اور وہ اردن کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے تھے اور وہ کچھ عرصہ کیلئے زیر تفتیش رہے تھے۔شہزادہ حمزہ کو مرحوم شاہ حسین نے اپنی وفات سے قبل ولیعہد مقرر کیا تھا لیکن 2004ء میں ان کے سوتیلے بھائی شاہ عبداللہ دوم نے انھیں اس منصب سے معزول کردیا تھا۔