کولکاتا۔ 23 جنوری ۔( سیاست ڈاٹ کام ) مغربی بنگال میں عظیم مجاہد آزادی نیتاجی سبھاش چندر بوس کا 123واں یوم پیدائشجمعرات کو سبھاش اتسو کے طورپر منائی گئی۔نیتاجی کی پیدائش 23جنوری 1897کو کٹک میں ہوئی تھی۔ اس موقع پر ریاست کی وزیراعلی ممتا بنرجی نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا ملک کے ہیرو نیتاجی سبھاش چندر بوس کی سالگرہ کے موقع پر انہیں سلام۔ خواہش کرتی ہوں کہ ان کا حب الوطنی کا جذبہ آئندہ نسلوں کو ترغیب دیتا رہے ۔ نیتاجی کو 1936میں انگریزوں نے سات مہینہ تک نظربند رکھا تھا۔ انہوں نے 1937میں دوبارہ یہاں پر کچھ دن گزارے تھے ۔ریاست کے تمام 342بلاکوں، 118میونسپل کارپوریشنوں اور چھ میونسپل کونسلوں میں سبھاش اتسو منایا گیا۔ ساتھ ہی تمام ضلعی ہیڈکوارٹروں اور گورکھا علاقائی انتظامیہ میں بھی اس موقع پر پروگرام منعقد کئے گئے ۔