واشنگٹن : 28ڈسمبر ( ایجنسیز ) اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو پیر کے روز امریکہ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔اسرائیلی حکام کے مطابق نیتن یاہو آج امریکہ روانہ ہوں گے اور ایک روز بعد فلوریڈا میں ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔یہ رواں سال کے دوران نیتن یاہو کا ٹرمپ سے ملاقات کے لیے امریکہ کا پانچواں دورہ ہوگا۔ یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ٹرمپ انتظامیہ اور علاقائی ثالث اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ میں ہونے والے جنگ بندی معاہدہ کے دوسرے مرحلے کو آگے بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ نے دسمبر کے وسط میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ نیتن یاہو ممکنہ طور پر کرسمس کی تعطیلات کے دوران ان سے ملاقات کے لیے فلوریڈا آئیں گے، تاہم اس وقت ملاقات کا باقاعدہ شیڈول طے نہیں ہوا تھا۔
