نیرج کا ایک اور کمال، دوحہ ڈائمنڈ لیگ جیت لیا

   

دوحہ: ہندوستان کے اسٹار جیولن تھروور (برچھی؍بھالا پھینکنے والے) نیرج چوپڑا نے نئے سیزن کا شاندار آغاز کیا ہے۔ انہوں نے دوحہ ڈائمنڈ لیگ میں عمدہ مظاہرہ کرتے ہوئے خطاب جیت لیا ہے۔ اسپورٹس کلب میں منعقدہ ٹورنمنٹ میں اپنی پہلی ہی کوشش میں انہوں نے 88.67 میٹر دور بھالا پھینکتے ہوئے سب کو چونکادیا۔ اس مقابلے میں انہوں نے دوسری کوشش میں 86.04 میٹر، تیسری کوشش میں 85.47 میٹر، پانچویں کوشش میں 84.37 میٹر اور چھٹی کوشش میں 86.52 میٹر دور بھالا پھینکا۔ اس مقابلے میں چیک جمہوریہ کے جیکب 88.63 میٹر کے ساتھ دوسرے مقام پر رہے، جبکہ گرینیڈا پیٹرس (85.88 میٹر) کو تیسرا مقام حاصل ہوا۔ نیرج کی اپنی بہترین کارکردگی 89.94 میٹر ہے جو قومی ریکارڈ ہے۔ وہ 2018 میں دوحہ ڈائمنڈ لیگ میں اپنی پہلی شرکت میں 87.43 میٹر کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے تھے۔ نیرج ’’مجموعی فٹنس اور طاقت‘‘ کی کمی کی وجہ سے گزشتہ سال یہاں حصہ نہیں لے سکے تھے۔