نیرو مودی و میہول چوکسی کے اثاثوں کی قرقی

   

۔1350 کروڑ مالیتی ہیرے و زیورات ہندوستان پہونچے
حیدرآباد 11 جون (سیاست نیوز) انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے میہول چوکسی و نیرو مودی سے 1350کروڑ کے ہیرے و دیگر قیمتی زیورات واپس لانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔منی لانڈرنگ کے مقدمات کا سامنا کرنے والے نیرو مودی اور میہول چوکسی کے جو ملک سے فرار ہوچکے ہیں اثاثہ جات کی قرقی کی جانے لگی ہے۔ 108پارسل ممبئی پہنچے جن میں 32 میں یو اے ای اور ہانک کانگ میں موجود میہول چوکسی و نیرومودی کی کمپنیوں کے ضبط ہیرے ‘ موتی و زیورات شامل ہیں۔ ای ڈی عہدیداروں نے بتایا کہ جو اشیاء لائی گئی ہیں ان کی مالیت 1350کروڑ ہے جو2340 کیلو وزنی ہیں ۔ حکام کے بموجب ای ڈی کی یہ کاروائی بڑی کامیابی ہے کیونکہ ملزمین ملک سے فرار ہونے کے بعد ان کے اثاثہ جات کی بیرون ملک قرقی و ملک واپسی کا عمل شروع ہوچکا ہے۔سال 2018 میںنیرو مودی نے اپنی کمپنی کو ہانگ کانگ اور دبئی منتقل کردیا تھا اور ہنگامہ آرائی و منی لانڈرنگ کے الزامات تھے جن کی تحقیقات ای ڈی کے حوالہ کی گئی تھیں ۔ای ڈی عہدیداروں نے بتایا کہ ہانگ کانگ میں قانونی کاروائیوں کے بعد اثاثہ جات کے بڑے حصہ کو منتقل کرنے اقدامات کئے گئے ۔ای ڈی نے سال گذشتہ خفیہ ایجنسیوں کی اطلاعات کی بنیاد پر ہانگ کانگ میں ایک گودام سے ان اشیاء کو ضبط کیا تھا اور اب 11 ماہ بعد قانونی کاروائی کو مکمل کرکے 1350 کروڑ مالیت کے ہیرے ‘ زیورات اور موتی ملک واپس لائے ہیں۔ای ڈی ذرائع نے بتایاکہ یہ دوسری بڑی کاروائی کی گئی ہے جبکہ سابق میں ہانگ کانگ اور دبئی سے 137کروڑ مالیت کے اثاثہ واپس لائے جاچکے ہیں۔