پٹنہ، 20 مئی (یواین آئی) بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سینئر لیڈر تیجسوی پرساد یادو نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے مطالبہ کیا ہے کہ نیم فوجی دستوں کو فوج کی طرح عزت دی جائے ۔ یادو نے مادر وطن کی حفاظت اور ملک کے اتحاد و سالمیت کے لیے اپنا سب کچھ قربان کرنے والے نیم فوجی دستوں کے بہادر سپاہیوں کو شہید کا درجہ دینے اور ان سے متعلق دیگر زیر التوا مطالبات کے حوالے سے وزیر داخلہ کو ایک خط لکھا ہے ۔اپوزیشن لیڈر نے منگل کو وزارت داخلہ کو بھیجے گئے خط کو شیئر کیا ہے ۔ مسٹر یادو نے خط میں لکھاکہ ملک کی سلامتی کے لیے فوج، فضائیہ، بحریہ اور نیم فوجی دستوں (سی آر پی ایف، بی ایس ایف، آئی ٹی بی پی، سی آئی ایس ایف، ایس ایس بی، آسام رائفلز) وغیرہ کے تمام سپاہی سب سے زیادہ قربانیاں دیتے ہیں، لیکن افسوس ہے کہ مادروطن کیلئے قربانی دینے والے شہدائکو شہادت کے بعدملنے والے معاوضے اور دیگر سہولیات میں واضح امتیاز برتا جاتا ہے ۔