نئی دہلی: دہلی وقف بورڈ نے نیوز چینلس پر جانے والے ائمہ کے خلاف سخت کارروائی شروع کردی ہے۔ بورڈ نے آج چینل کی زینت بننے والے ایک مسجد کے امام کو ان کے عہدہ سے برطرف کردیا اور دیگر ائمہ کو بھی سخت انتباہ دیا۔
ذرائع کے مطابق وقف بورڈ کو مسلسل شکایتیں موصول ہورہی تھیں کہ بورڈ کے کچھ ائمہ نمازوں کو ترک کر کے نیوز چینلس پر براجمان ہورہے ہیں اور وہاں ملت کی ہنسی کا سبب بن رہے ہیں۔ بورڈ نے اس شکایت پر عمل کرتے ہوئے مسجد ضابطہ گنج کے امام مولانا اسد فلاحی کوامامت کے عہدہ سے برطرف کردیا۔
دہلی وقف بورڈ کے چیر مین امانت اللہ خان نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہو ئے کہا کہ بورڈ نے فیصلہ لیا ہے کہ جو ائمہ چینلس پر جاتے ہیں اور قوم کی بدنامی کا سبب بنتے ہیں نیز مساجد میں نماز بھی نہیں پڑھاتے ہیں ایسے ائمہ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
امانت اللہ خان نے بتایا کہ بورڈ اس پر کارروائی کرتے ہوئے انڈیا گیٹ واقع ضابطہ گنج مسجد کے امام مولانا اسید فلاحی کو ان کے عہدہ سے برخواست کردیا ہے۔ امانت اللہ خان نے کہا کہ ہمیں شکایت موصول ہوئی کہ ان ائمہ نمازوں کے اوقات میں چینلس کے اسٹوڈیوز میں بیٹھتے ہیں۔ ہم نے اس معاملہ میں تحقیق بھی کی تو پتہ چلا کہ واقعی یہ ائمہ نمازو ں کے اوقات میں مساجد میں موجود نہیں ہیں اور اسٹوڈیوز میں بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ طے کررہے ہیں کہ بورڈ کے ماتحت کوئی بھی امام بغیر بورڈ کی مرضی کے چینلس پر نہیں جائے گا۔ امام کا فرض ہے کہ پہلے وہ مسجد میں نماز پڑھائے۔