حیدرآباد -نیوزی لینڈ کی مسجد پر ہوئے دہشت گردانہ حملہ میں جاں بحق ہونے والوں میں تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے ایک اور کا اضافہ ہوا ہے کیونکہ نیوزی لینڈ میں ہندوستانی مشن نے اتوار کی اولین ساعتوں میں حیدرآباد کے 25سالہ ایوی ایشن کے طالب علم کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے ۔
اس واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں کی نیوزی لینڈ میں ہندوستانی ہائی کمیشن کی جانب سے جاری کردہ فہرست میں اس حیدرآبادی نوجوان کا نام بھی شامل ہے ۔اس نوجوان غذیر قادر کا تعلق نورخان بازار سے ہے جونیوزی لینڈ کے کرائسٹ چرچ علاقہ کی مسجد النور میں نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے گئے تھے ۔
وزیرخارجہ سشماسوراج کو کئے گئے ٹوئیٹ میں نیوزی لینڈ کے ہائی کمیشن نے یہ بات بتائی۔نیوزی لینڈ کے کرائسٹ چرچ کے انڈین سوشل اینڈ کلچرل کلب کے مطابق جس نے اپنے فیس بک پیج پر غذیر قادر کی تفصیلات بیان کی ،کہا کہ قادر ،ایوی ایشن کالج کے طالب علم تھے اور وہ کمرشیل پائلٹ بننا چاہتے تھے ۔
ان کے والدین سعودی عرب میں رہتے ہیں جبکہ ان کے دادا ، دادی نورخان بازار میں ہی مقیم ہیں۔اس واقعہ کے بعد سے ہی غذیر لاپتہ تھے تاہم اتوار کی صبح کی اولین ساعتوں میں ان کے خاندان کو ان کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ملی۔
اس اطلاع کے ساتھ ہی ان کے بھائی جو پائلٹ ہیں، فوری طور پر نیوزی لینڈ کے لئے روانہ ہوگئے ۔
اس واقعہ میں اب تک محمد عمران احمد (ضلع کریم نگرتلنگانہ )،فراز احسن(مہدی پٹنم ،حیدرآباد)اور غذیر قادر(نورخان بازار،حیدرآباد)جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ ایک اور نوجوان احمد اقبال جہانگیر (عنبرپیٹ،حیدرآباد)گولی لگنے سے شدید زخمی ہیں ، وہ نیوزی لینڈ کے اسپتال میں زیرعلاج ہیں