ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کی وزیرِ اعظم جیسنڈا آرڈرن نے کہاہیکہ اْنہیں اطمینان ہیکہ وہ نیوزی لینڈ کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں چھوڑ کر جا رہی ہیں۔منگل کو نیوزی لینڈ کے شمالی قصبے ریتانا میں آباد قدیم مقامی نسل ماووری کمیونٹی کے جشن میں شرکت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرڈرن کا کہنا تھا کہ وہ نیوزی لینڈ کی نئی قیادت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہیں۔یہ بطور وزیرِ اعظم جیسنڈا آرڈرن کی آخری عوامی مصروفیت تھی جس میں وہ ماووری کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے نامزد وزیرِ اعظم کرس ہپکنز اور دیگر قانون سازوں کے ہمراہ شریک ہوئیں۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آرڈرن کا کہنا تھا کہ وہ ہپکنز کو 20 برس سے جانتی ہیں اور اْنہیں یہی مشورہ دیں گی کہ وہ عوام کی خدمت کے لیے اپنا تجربہ بروئے کار لائیں۔جیسنڈاآرڈرن نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ وہ بطور وزیرِ اعظم سبکدوش ہو جائیں گی۔ اْن کا کہنا تھا کہ وہ تیسری مدت کے لیے یہ ذمہ داری سنبھالنے کیلئے خود کو تیار محسوس نہیں کرتیں۔آرڈرن کے اس اعلان کے بعد نیوزی لینڈ کی لیبر پارٹی نے اتوار کو متفقہ طور پر پارٹی رہنما کرس ہپکنز کو وزیرِ اعظم نامزد کیا تھا جو چہارشنبہ کو اپنے عہدے کا حلف اْٹھائیں گے۔