پٹنہ: پٹنہ ہائی کورٹ کے حکم کے بعد نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی کے ذریعہ منعقدہ قومی اہلیت کے داخلہ ٹیسٹ این ای ای ٹی 2024 کے سوالیہ پرچہ لیک ہونے کے معاملے میں گرفتار ملزمین کو پٹنہ سیول کورٹ کی ایک خصوصی عدالت نے آج 15 روزہ پولیس ریمانڈ پر سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کے حوالے کرنے کا حکم دیا ہے۔اسپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ ہرش وردھن سنگھ کی عدالت میں درخواست داخل کرکے پٹنہ ہائی کورٹ کے حکم کا حوالہ دیکر سی بی آئی نے اس معاملے میں گرفتار کیے گئے 13 جیل میں بند ملزمین کی تحویل میں پوچھ تاچھ کیلئے 15 دن کی ریمانڈ کی مانگ کی ۔ پٹنہ ہائی کورٹ کے حکم کی روشنی میں خصوصی عدالت نے آدرش سنٹرل جیل بیور کے سپرنٹنڈنٹ کو حکم دیا ہے کہ تمام 13 ملزمان کو بغیر کسی تاخیر کے سی بی آئی کے حوالے کیا جائے۔قابل ذکر ہے کہ اس معاملے میں فی الحال 27 ملزم جیل میں ہیں۔ ان میں سے 13 ملزمان کو پٹنہ پولیس نے 05 مئی 2024 کو پٹنہ کے شاستری نگر پولیس اسٹیشن میں اس معاملے میں ایف آئی آر درج کرنے کے بعد گرفتار کیا تھا اور انہیں عدالتی تحویل میں جیل بھیج دیا گیا تھا۔ ان 13 ملزمان میں نتیش کمار، اکھلیش کمار، سکندر پرساد یادوینڈو، آیوش کمار عرف آیوش راج، بٹو کمار، امیت آنند، آشوتوش کمار، روشن کمار، انوراگ یادو، ابھیشیک کمار، اودھیش کمار، شیوانندن کمار اور مسز رینا کمار شامل ہیں۔بعد ازاں کیس اسپیشل اکنامک یونٹ کے سپرد کر دیا گیا۔ اس کے بعد مرکزی حکومت کے حکم پر سی بی آئی ایف آئی آر درج کر کے معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔