حیدرآباد ۔23 ۔ جولائی (سیاست نیوز) مرکزی حکومت نے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن کی میعاد میں توسیع کی ہے۔ مرکزی وزارت اعلیٰ تعلیم کی جانب سے 22 جولائی کو صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے احکامات روانہ کئے گئے جن میں صدر جمہوریہ نے یونیورسٹی کے وزیٹر کے طور پر وائس چانسلر پروفیسر عین الحسن کی میعاد میں توسیع کی ہے۔وزارت تعلیم کے انڈر سکریٹری راجیش کمار کے مطابق 14 فروری 2027 یا نئے وائس چانسلر کے تقرر تک توسیع رہے گی۔ ممتاز فارسی اسکالر پروفیسر عین الحسن کی تعلیمی خدمات اور یونیورسٹی میں جاری ترقیاتی کاموں کے تسلسل کو برقرار رکھنے کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا۔ رجسٹرار پروفیسر اشتیاق احمد نے وائس چانسلر کی میعاد میں توسیع کا اعلامیہ جاری کیا۔ واضح رہے کہ پروفیسر عین الحسن کو 23 جولائی 2021 کو اردو یونیورسٹی کا پانچواں وائس چانسلر مقرر کیا گیا اور 28 جولائی کو انہوں نے عہدہ کا جائزہ حاصل کیا۔ 1/k
اپنی مدت کے دوران یونیورسٹی کو ترقی دینے کیلئے مسلسل کوشاں رہے۔ ان کے دور میں یونیورسٹی کو NAAC کی جانب سے A+ گریڈ حاصل ہوا۔ QS عالمی رینکنگ اور NIRF کی قومی رینکنگ میں مانو کو بہتر مقام حاصل ہوا۔ قومی تعلیمی پالیسی کے تحت لا اسکول کا قیام عمل میں آیا جہاں LLB اور دیگر کورسس چلائے جارہے ہیں۔ وائس چانسلر کی خصوصی دلچسپی سے وارانسی کیمپس قائم کیا گیا، جہاں بی ایڈ کالج کے علاوہ ریجنل سنٹر موجود ہے۔ جنوری 2025 میں مرکزی حکومت نے پروفیسر عین الحسن کو پدم شری اعزاز سے نوازا۔ میعاد میں توسیع پر یونیورسٹی کے رجسٹرار ، اساتذہ ، نان ٹیچنگ اسٹاف اور طلبہ نے مبارکباد پیش کی۔ پروفیسر عین الحسن نے یونیورسٹی کو مزید ترقی دینے کے عزم کا اظہار کیا۔1/k