لکھنؤ : اترپردیش کے شہر نوائیڈا میں چوروں کا ایک گروپ سر گرم ہے جس نے اپنے چوری کے انوکھے طریقہ واردات سے شہریوں کو خوفزدہ کیا ہوا ہے۔ میڈیا کے مطابق چوروں کا یہ گروہ گھر میں ڈکیتی کی واردات کیلئے تو جاتا ہی ہے لیکن قیمتی سامان چرانے سے قبل یہ گروہ پہلے کچن کا رخ کرتا ہے اور پکوڑے بنا کر کھاتا ہے، صرف اتنا ہی نہیں یہ گروہ فریج میں رکھے کھانے کا بھی لطف اٹھاتا ہے اور کھا پی کر آرام کے بعد پھر اپنی کارروائی شروع کرتا ہے۔ میڈیا کے مطابق اسی طرح کا واقعہ سیکٹر 25 میں بھی پیش آیا جہاں چوروں نے پہلے پکوڑے بنا کر کھائے اور پھر 3 لاکھ روپے مالیت کے زیوارت کو لوٹ کر فرار ہوگئے۔ میڈیا کا کہنا ہیکہ چوری سمیت کھانا کھانے کے علاوہ یہ گروہ پان بھی کھاتا ہے اور گھروں کے باتھ روم میں تھوک کر جاتا ہے۔پولیس کے مطابق اس گروہ نے ایک دن میں 6گھروں کو لوٹا ہے۔