وجئے چوک پر فوجی دستوں کا زبردست مظاہرہ

   

بیٹنگ ریٹریٹ میں ’ایک پیڑ ماں کے نام‘، ’چکرویوہ‘، سیو ارتھ جیسی تخلیقات
نئی دہلی: راجدھانی میں رائسینا پہاڑیوں کی ڈھلان پر پھیلے ہوئے وجے چوک کو چہارشنبہ کی شام غروب ہوتے سورج کی سرخ اور پیلی کرنوں کی چمک اور فوجی دستوں ، تینوں افواج اور نیم فوجی دستوں کے بینڈ کی جادوئی دھنیں شاندار منظر پیش کر رہی تھیں۔ ہندوستان کے 76 ویں یوم جمہوریہ کی یاد میں منعقد ہونے والی تقریبات کے آخری مرحلے کے طور پر منعقدہ بیٹنگ ریٹریٹ تقریب کو دیکھنے کیلئے معززین اور عام لوگوں کی ایک بڑی تعداد وجے چوک کے دونوں طرف جمع ہوئی۔پروگرام میں مختلف بینڈز کی تمام دھنیں دیسی تھیں ۔تقریب کی مہمان خصوصی صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے ہلکے کریم رنگ کی ساڑھی پہن رکھی تھی۔ مسز مرمو راشٹرپتی بھون سے بگھی پر سوار ہوکر وجے چوک پہنچیں۔ گھوڑوں پر سوار محافظوں کا ایک دستہ ان کی گاڑی کے آگے اور پیچھے مارچ کر رہا تھا۔ بیٹنگ ریٹریٹ کے مقام پر پہنچنے پر وزیراعظم، وزیر دفاع اور مسلح افواج کے اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔ آرمی اور سنٹرل پولیس فورس کے تینوں ونگز کے دستوں نے صدر کو سلامی دی۔ رائسینا ہلز کے دونوں اطراف نارتھ بلاک اور ساؤتھ بلاک کو دلہن کی طرح سجایا گیا تھا۔ دونوں عمارتوں کی کھڑکیوں پر پہرے دار تھے اور نیچے بی ایس ایف کے جوان سجے ہوئے اونٹوں پر چوکس تھے ۔اس موقع پر نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ اور ان کی اہلیہ سدیش دھنکھڑ، لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا، وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، دفاعی سکریٹری اور آرمی چیف جنرل اوپیندر دویدی، فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل امرپریت سنگھ، بحریہ کے سربراہ ایڈمرل دنیش کے ترپاٹھی اور دیگر معززین موجود تھے۔
مرمو اور دیگر معززین کا حاضرین نے تالیاں بجاکر استقبال کیا ۔صدر مملکت کی آمد پر پروگرام کا آغاز پرچم کشائی اور قومی ترانے سے ہوا۔بیٹنگ ریٹریٹ کے دوران فوجیوں نے لائن فارمیشن کے ذریعہ، چکرویوہ، سیو ارتھ، ایک پیڑ ماں کے نام پر ، زیگ زیگ، تینوں فوجوں کا نشان، پارلیمنٹ ہاؤس کی شکل، بھارتی روپیہ 2025، کوارٹر ماسٹر وہیل، مشعل، کورو پانڈو اور ترنگا جیسی خوبصورت تخلیق پیش کی ۔اس تقریب کے حوالے سے ہر عمر کے سامعین میں کافی جوش و خروش دیکھا گیا۔ بچوں اور نوجوانوں میں حب الوطنی کا احترام اور محبت دیکھنے میں آئی جبکہ چھوٹے بچے حب الوطنی کو سمجھنے اور جاننے کے تجسس نظر آ رہا تھا۔سورج غروب ہوتے ہی نارتھ بلاک اور ساؤتھ بلاک کی عمارتیں اور پس منظر میں راشٹرپتی بھون کا گنبد ترنگے کی روشنی میں نہا گیا۔اس سال یوم جمہوریہ کی تقریبات بیٹنگ ریٹریٹ کے ساتھ اختتام کو پہنچی ہیں