حیدرآباد۔27اکٹوبر(سیاست نیوز) الگر پرشاد معاملہ میں صحت کی بنیاد پر ضمانت حاصل کرنے والے انقلابی شاعر وراورا راؤ کو 18 نومبر تک خود سپردگی اختیار کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ 82 سالہ وراورا راؤکو ناسازیٔ صحت کی بنیاد پر فروری میں عدالت نے 6ماہ کے لئے مشروط عبوری ضمانت دی تھی اور انہیں 5ستمبر کو دوبارہ خودسپردگی اختیار کرنی تھی لیکن ان کی عبوری ضمانت میں توسیع کیلئے بمبئی ہائی کورٹ میں داخل کی گئی درخواست پر سنوائی جاری ہے اور بمبئی ہائی کورٹ میں گذشتہ دنوں وراورا راؤ کی درخواست کی سماعت کررہی بنچ نے اس پر سماعت اگلی تاریخ تک ملتوی کردی ہے جس کے سبب اب وراورا راؤ کو 18نومبر تک خودسپردگی اختیار کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ 6ماہ کی عبوری ضمانت حاصل کرنے والے وراورا راؤ کے وکلاء نے بمبئی ہائی کورٹ میں داخل کی گئی درخواست میں کہا کہ انہیں حیدرآباد میں واقع ان کے مکان میں قیام کی اجازت دی جائے تاکہ ان کا بہتر علاج ہوسکے ۔ الگر پرشاد اور ماؤسٹ قائدین کے درمیان تعلقات کے معاملہ کی تحقیقات کر رہی این آئی اے نے عدالت میں اس درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ وراورا راؤ کی ضمانت میں توسیع کے لئے داخل کی گئی درخواست کے ساتھ منسلک طبی رپورٹس میں یہ کہا گیا ہے کہ انہیں کسی قسم کا کو ئی مہلک یا خطرناک عارضہ نہیں ہے اسی لئے ان کی عبوری ضمانت میں توسیع کی درخواست کو مسترد کردیا جانا چاہئے۔ جسٹس نتن جامداراور جسٹس ایس وی کوتوال پر مشتمل بنچ نے درخواست گذار کو مشورہ دیا کہ وراوراراؤ کی حیدرآباد منتقلی اور ان کے مکان میں قیام کی اجازت کے حصول کے لئے علحدہ درخواست داخل کریں۔ م
