حیدرآباد، 27 جنوری (پریس نوٹ) حیدرآباد سوپراسٹارز نے ورلڈ پکل بال لیگ میں پونے یونائیٹیڈ کے مقابل سخت مقابلے میں 3-2 سے جیت درج کرائی ہے۔ یہ میچ شاندار واپسی کے مظاہروں، سنسنی خیز ریلیوں اور دم بخود کردینے والے ردھم سے بھرپور رہا جس میں وانشک کپاڈیا اُبھر کر آئے حالانکہ پونے کو آخرکار شکست ہوگئی۔ مینس سنگلز میں میکس فری مین نے پونے کے ولیم سوبک کو 22-17 سے ہرا کر حیدرآباد کو ابتدائی سبقت دلائی۔ ویمنس ڈبلز میں حیدرآباد کی جوڑی کی 12-4 سے جیت نے اسکور کو 1-1 کیا۔ مینس ڈبلز میں پونے کی کامیابی نے میچ کو 2-1 پر لایا۔ ویمنس سنگلز میں پونے کی ایم نیاگس کو حیدرآباد کی کیرولینا اوکزارک کا سامنا ہوا۔ بدقسمتی سے نیاگس ’میڈیکل ٹائم آؤٹ ‘ سے دوچار ہوگئی جس پر میچ یکایک ختم ہوگیا اور حیدرآباد کی جیت نے میچ اسکور کو 2-2 پر مساوی کیا۔ مکسڈ ڈبلز کا فیصلہ کن مقابلہ ہوا جس میں وانشک کے شاندار مظاہرہ کے باوجود حیدرآباد کی جوڑی 13-9 سے جیت گئی۔ اس طرح کوچ جانی پکل بال کی قیادت میں حیدرآباد نے سیزن کی اپنی پہلی فتح درج کرائی۔