ممبئی: ممبئی ورلی ہٹ اینڈ رن معاملہ میں شیوسینا لیڈر کے بیٹے میہر شاہ نے ایک خاتون کو اپنی بی ایم ڈبلیو کار سے کچل دیا تھا۔ اس معاملے میں ایک اور بڑا انکشاف سامنے آیا ہے۔ ایکسائز حکام نے بار کے بل کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ گرفتار مرکزی ملزم میہر شاہ اور اس کے دو دوستوں نے کار حادثے کے دن وہسکی کے 12 بڑے پیگ پئے تھے۔ میڈیا کے مطابق ایکسائز حکام نے کہا کہ شراب کی یہ مقدار آٹھ گھنٹے تک نشہ پیدا کر سکتی ہے تاہم پوچھ تاچھ کے دوران میہر نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سے بہت بڑی غلطی ہوئی ہے میرا کیرئیر ختم ہو گیا ہے۔وہیں این ڈی ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ میہر شاہ نے مبینہ طور پر پب میں شناختی کارڈ استعمال کیا جس میں ان کی عمر 27 سال بتائی گئی تھی۔ سرکاری ریکارڈ کے مطابق میہر شاہ کی عمر 23 سال ہے جبکہ شراب پینے کی کم از کم قانونی عمر 25 سال ہے۔ این ڈی ٹی وی نے نامعلوم ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ پب کی انتظامیہ نے الزام لگایا کہ میہر شاہ کو اندر جانے کی اجازت صرف اس وقت دی گئی جب انہوں نے ایک شناختی کارڈ دکھایا جس میں یہ دکھایا گیا تھا کہ ان کی عمر 27 سال ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس کے تین دوست جو اس کے ساتھ پب گئے تھے ان کی عمریں 30 سال سے زیادہ ہیں۔میہر شاہ نے خاتون کو اپنی لگژری کار سے ٹکر مارنے کے فوراً بعد اپنی گرل فرینڈ کو کم از کم 40 بار فون کیا۔