وزیر اعظم بنگلہ دیش شیخ حسینہ کی4روزہ دورہ پر آج نئی دہلی آمد

   

نئی دہلی : بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کل یعنی 5 سے 8 ستمبر تک ہندوستان کے چار روزہ سرکاری دورے پر ہونگی۔ ان کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ہو گا جس میں متعدد وزراء اور صنعتکار شامل ہیں۔ اپنے دورے کے دوران حسینہ 6 ستمبر کو نئی دہلی کے حیدرآباد ہاؤس میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کریں گی۔ وہ اسی دن صدر دروپدی مرمو اور نائب صدر جگدیپ دھنکر سے بھی ملاقات کریں گی۔شیخ حسینہ کا دورہ کئی علاقائی اور دو طرفہ مسائل کے تناظر میں اہمیت کا حامل ہے۔ ایک اہم مسئلہ پر بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ پی ایم نریندر مودی کے ساتھ بات چیت کرنے کی توقع ہے وہ روہنگیا پناہ گزینوں سے متعلق ہے۔ اب پانچ سال سے دس لاکھ سے زیادہ روہنگیا مہاجرین بنگلہ دیش کے کئی کیمپوں میں مقیم ہیں۔بنگلہ دیش میں یہ خدشہ بڑھتا جارہا ہے کہ روہنگیا پناہ گزینوں کا بحران جلد ہی سماجی انتشار میں تبدیل ہو سکتا ہے جو قومی سطح پر عدم استحکام پیدا کر سکتا ہے۔ شیخ حسینہ اور مودی کے درمیان باہمی تعاون و اشتراک پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔بنگلہ دیش نے یہ بھی کہا ہے کہ روہنگیا بحران دو طرفہ مسئلہ نہیں ہے جس پر بنگلہ دیش اور میانمار کے درمیان بات چیت کی جائے اور اسے حل کیا جائے بلکہ یہ ایک علاقائی بحران ہے جس پر خطے کے تمام ممالک کی توجہ مبذول ہوتی ہے۔اس دورہ میں ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان باہمی تعاون و اشتراک سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کی بھی توقع ہے ۔