امیر کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح نے ’ دی آرڈر آف مبارک الکبیر ‘ پیش کیا ۔ مودی کا اظہار تشکر
نئی دہلی : وزیر اعظم نریندر مودی کو آج کویت کے اعلی ایوارڈ ’ دی آرڈر آف مبارک الکبیر ‘ سے نوازا گیا ۔ وزیر اعظم کو کسی ملک کی جانب سے دیا گیا یہ 20 واں انٹرنیشنل ایوارڈ ہے ۔ دی آرڈر اف مبارک الکبیر ایوارڈ در اصل کویت کا نائیٹ ہڈ ایوارڈ کہا جاتا ہے ۔ یہ ایوارڈ سربراہان مملکت یا بیرونی مہمانوں اور بیرونی شاہی خاندانوں کے ارکان کو دوستی کی علامت کے طور پر دیا جاتا ہے ۔ یہ ایوارڈ کویت کی جانب سے پہلے دوسرے قائدین جیسے بل کلنٹن ‘ پرنس چارلس ( موجودہ شاہ برطانیہ ) اور جارج بش کو دیا گیا تھا ۔ وزیر اعظم مودی نے یہ کویت کا یہ اعلی ترین ایوارڈ دی مبارک الکبیر آج حاصل کیا ۔ امیر کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح نے وزیر اعظم کو پیش کیا ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے یہ ایوارڈ حاصل کرنے پر سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ’ ایکس ‘ پر کہا کہ یہ ایوارڈ ان کیلئے ایک اعزاز ہے جو امیت کویت نے انہیں پیش کیا ہے ۔ وہ اس ایوارڈ کو ہندوستان کے عوام کے نام معنون کرتے ہیں اور یہ ایوارڈ ہندوستان اور کویت کے مابین مستحکم دوستی کیلئے بھی ہے ۔ وزیر اعظم مودی کو بیان پیالیس کویت میںرسمی گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا ۔ شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح بھی اس تقریب میں موجود تھے ۔ وزیراعظم کویت کے دو روزہ دورہ پر ہیں۔ انہوں نے شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کی دعوت پر یہ دورہ کیا ہے جو گذشتہ 43 سال میں کسی ہندوستانی وزیر اعظم کا پہلا دورہ کویت ہے ۔ 1981 میں اس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی نے کویت کا دورہ کیا تھا ۔ وزیر اعظم نے کویت آمد کے بعد ہندوستانی برادری سے ملاقات کی اور خطاب کیا ۔ انہوں نے کویت اعلی قیادت سے دونوں ملکوں کے مابین باہمی تعلقات کو مستحکم بنانے کیلئے تبادلہ خیال کیا ۔
مودی نے کویت کے ولیعہد اور وزیر اعظم سے ملاقات کی
کویت سٹی: وزیر اعظم نریندر مودی نے کویت کے ولی عہد اور وزیر اعظم شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح سے ملاقات کی۔مودی نے ستمبر میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر ولی عہد کے ساتھ ملاقات کو یاد کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان کویت کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے ۔ دونوں نے تسلیم کیا کہ تعلقات آگے بڑھ رہے ہیں اور تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری تک بڑھانے کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور دیگر فورمز پر دونوں فریقوں کے درمیان قریبی ہم آہنگی پر زور دیا۔