وزیر اعظم مودی کی بی جے پی کے نو نامزد عہدیداروں سے ملاقات

   

نئی دہلی 22 اگسٹ ( ایجنسیز ) وزیر اعظم نریندرمودی نے آج بی جے پی کے نئے نامزد عہدیداروں سے بی جے پی قومی صدر نتن نابن کے ساتھ ملاقات کی ۔ یہ ملاقات بی جے پی ہیڈکوارٹرس میں ہوئی ۔وزیر اعظم آج شام پارٹی دفتر پہونچے تھے اور انہوں نے پارٹی کی قومی عاملہ کے نئے ذمہ داروں کے ساتھ ملاقات کی ۔ یہاں آمد کے موقع پر وزیر اعظم کا پارٹی صدر نتن نابن نے استقبال کیا ۔ مودی اور نتن نابن نے نئے عہدیداروں کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔ پارٹی کی جانب سے 17 اگسٹ کو 65 رکنی نئی ٹیم کا اعلان کیا گیا تھا جن میں 51 نئے چہرے شامل ہیں۔ ان میں کویتا پاٹیدار ‘ کے سریندرن ‘ منوج ٹگا اور سندیپ پاٹھک بھی شامل ہیں۔ جن قائدین کو اہم ذمہ داریاںسونپی گئی ہیں ان میں سابق چیف منسٹر راجستھان وسندھرا راجے اور سابق مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی بھی شامل ہیں۔ نتن نابن نے دن میں نئی ٹیم کے ارکان کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا اور انہوں نے نئے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ نوجوانوں کے ساتھ جڑنے پر توجہ دیں اور نوجوانوں کے ساتھ لگاتار مشاورت کی جائے ۔ امید کی جا رہی ہے کہ بی جے پی آئندہ دنوں میں نوجوانوں کیلئے مختلف پروگرامس بھی منعقد کرے گی۔