وزیر اعظم مودی کے خلاف گاندھی بھون میں کانگریس کا احتجاج

   

پولیس سے کارکنوں کی جھڑپ، ساورکر پر راہول گاندھی کے موقف کی تائید
حیدرآباد۔/20 نومبر، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے راہول گاندھی پر بی جے پی کی جانب سے تنقیدوں کی مذمت کرتے ہوئے آج وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف احتجاج منظم کیا اور ان کی تصاویر کو چپلوں اور جھاڑو سے مارتے ہوئے ناراضگی جتائی۔ رکن اسمبلی جگا ریڈی، یوتھ کانگریس کے ریاستی صدر شیوا سینا ریڈی اور این ایس یو آئی اور فشریز ڈپارٹمنٹ کے صدورنشین کی نگرانی میں کانگریس کارکنوں نے گاندھی بھون کے احاطہ میں احتجاج کیا۔ ساورکر سے متعلق راہول گاندھی کے خیالات کی مخالفت کرتے ہوئے بی جے پی کی جانب سے راہول گاندھی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ احتجاجیوں نے کہا کہ مہاراشٹرا میں راہول گاندھی نے ساورکر کی انگریزوں سے معافی کو عوام کے روبرو پیش کیا تھا جس پر بی جے پی اور شیوسینا نے اعتراض جتایا ہے۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ وہ راہول گاندھی کے ریمارکس کی تائید کرتے ہیں۔ ملک کی آزادی کیلئے ساورکر نے کوئی جدوجہد نہیں کی بلکہ جیل سے رہائی کیلئے معافی نامہ تحریر کیا۔ احتجاجی جب گاندھی بھون سے باہر نکلنا چاہتے تھے تو پولیس نے روک دیا اور احتجاجیوں اور پولیس کے درمیان بحث و تکرار ہوئی۔ جگا ریڈی نے کہا کہ ہندوؤں اور مسلمانوں نے متحدہ جدوجہد آزادی میں حصہ لیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی پر حملہ کی دھمکیاں دی جارہی ہیں اور جن ریاستوں میں راہول گاندھی کی یاترا جائے گی وہاں موثر سیکوریٹی انتظامات کئے جائیں۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ بی جے پی اور سنگھ پریوار کے قائدین ساورکر اور گوڈسے کے جانشین ہیں۔ر