G-20 سمٹ لوگو کا تحفہ ، بافندہ ہری پرساد کے فن کی ستائش
حیدرآباد۔/27 نومبر، ( سیاست نیوز) وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے ماہانہ ’ من کی بات ‘ پروگرام میں سرسلہ ضلع سے تعلق رکھنے والے بافندہ وی ہری پرساد کا بطور خاص ذکر کیا اور ان کی جانب سے روانہ کردہ تحفہ کی تعریف کی۔ اپنے 95 ویں ’ من کی بات‘ پروگرام سے ریڈیو خطاب میں وزیراعظم نے ہندوستان کی جانب سے آئندہ سال G-20 سمٹ کے انعقاد کی میزبانی کے پس منظر میں سرسلہ کے بافندہ کی جانب سے ہینڈلوم سے تیار کردہ منفرد تحفہ کا حوالہ دیا اور کہا کہ ہری پرساد نے G-20 کا لوگو انتہائی خوبصورتی کے ساتھ تیار کیا ہے اور مجھے ان کے اس بہترین تحفہ کو دیکھ کر حیرت ہوئی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ تلنگانہ کے راجنا سرسلہ ضلع سے تعلق رکھنے والے ایک بافندہ وی ہری پرساد نے خصوصی تیار کردہ لوگو روانہ کیا ہے۔ ان کی غیر معمولی مہارت اور صلاحیت ہر کسی کو متوجہ کررہی ہے۔ انہوں نے مجھے خط بھی روانہ کیا۔ بافندہ نے کہاکہ آئندہ سال ہندوستان کی جانب سے G-20 سمٹ کی میزبانی ملک کیلئے باعث فخر ہے۔ اس کارنامہ کے موقع پر انہوں نے خصوصی لوگو تیار کیا ہے اور یہ مہارت اپنے والد سے سیکھی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہری پرساد کی طرح کئی افراد نے مجھے خطوط روانہ کئے جس میں جی۔ 20 سمٹ کے انعقاد پر فخر کا اظہار کیا گیا ہے۔ ہندوستان کے جی۔ 20 میں اہم رول کی ستائش کی جارہی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ انہیں جی۔20 کے لوگو اور پریسیڈنسی آف انڈیا کی ویب سائیٹ کے آغاز کا شرف حاصل ہوا ہے۔ جب مجھے ہری پرساد کی جانب سے روانہ کردہ تحفہ ملا تو میرے ذہن میں ایک اور خیال آیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جی۔ 20 سمٹ کی صدارت بین الاقوامی سطح پر ہندوستان کی بڑھتی اہمیت کا ثبوت ہے۔ر