وزیر صحت دامودھر راج نرسمہا نے گاندھی بھون میں عوامی مسائل کی سماعت کی

   

حیدرآباد۔/25 ستمبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کی جانب سے پارٹی کارکنوں اور عوام کیلئے گاندھی بھون میں ریاستی وزراء کی آمد سے متعلق تحریک کا آج سے آغاز ہوا۔ عوامی حکمرانی کے تحت آج پہلے دن عوام کی جانب سے بھاری تعداد میں درخواستیں داخل کی گئیں۔ صبح 11 تا سہ پہر 3:30 بجے تک کانگریس قائدین نے عوامی مسائل کی سماعت کی۔ پروگرام کے پہلے دن رکن کانگریس ورکنگ کمیٹی اور وزیر صحت دامودھر راج نرسمہا نے عوام سے ملاقات کی اور ان کے مسائل کی سماعت کی۔ بیروزگار نوجوانوں کے علاوہ طلبہ ، خواتین اور مختلف شعبہ ہائے حیات سے تعلق رکھنے والے افراد نے نمائندگی حوالے کی۔ ڈبل بیڈ روم، راشن کارڈ اور دیگر اسکیمات کیلئے درخواستیں داخل کی گئیں۔ خواتین، معذورین اور ضعیف خواتین کیلئے درخواستوں کے ادخال کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔ ریاستی وزیر دامودھر راج نرسمہا نے عوام سے ان کی شکایات کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی۔ انہوں نے درخواستوں کو متعلقہ محکمہ جات سے رجوع کرتے ہوئے عاجلانہ یکسوئی کا تیقن دیا۔ انہوں نے محکمہ صحت سے متعلق درخواستوں کے سلسلہ میں عہدیداروں کو ہدایات جاری کی۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ عوام اور حکومت کے درمیان بہتر روابط کیلئے یہ پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے دن 285 سے زیادہ درخواستیں داخل کی گئی ہیں۔ دامودھر راج نرسمہا نے کہا کہ سرکاری دواخانوں میں بہتر سہولتوں کی فراہمی کیلئے حکومت اقدامات کررہی ہے۔ گاندھی بھون میں ہر چہارشنبہ اور جمعہ کو ایک ریاستی وزیر عوامی مسائل کی سماعت کیلئے موجود رہیں گے۔1