غیر حاضر ڈاکٹرس کے خلاف کارروائی کی ہدایت، مریضوں سے گفتگو
حیدرآباد 4 مارچ (سیاست نیوز) وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے آج گاندھی ہاسپٹل کا اچانک دورہ کرتے ہوئے عوام کو طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ دامودر راج نرسمہا نے آؤٹ پیشنٹ بلاک پہونچ کر مریضوں سے بات چیت کی۔ اُنھوں نے ڈاکٹرس کی حاضری کا رجسٹر طلب کرتے ہوئے ڈاکٹرس کی موجودگی کا جائزہ لیا۔ دامودر راج نرسمہا نے ڈیوٹی سے غیر حاضر ڈاکٹرس کے خلاف کارروائی کرنے اعلیٰ عہدیداروں کو ہدایت دی۔ وزیر صحت نے آؤٹ پیشنٹ بلاک میں پروفیسر اور اسوسی ایٹ پروفیسرس کی عدم موجودگی پر برہمی کا اظہار کیا۔ اُنھوں نے ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن کو ہدایت دی کہ غیر حاضر پروفیسرس اور اسسٹنٹ اور اسوسی ایٹ پروفیسرس کو وجہ نمائی نوٹس جاری کی جائے۔ وزیر صحت نے ہاسپٹل کے مختلف بلاکس کا دورہ کرتے ہوئے مریضوں سے بات چیت کی۔ اُنھوں نے ڈاکٹرس سے علاج کی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ اُنھوں نے علاج میں کسی بھی تساہل پر ڈاکٹرس کے خلاف کارروائی کی ہدایت دی۔ بتایا جاتا ہے کہ مریضوں نے علاج کی سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کی خواہش کی ہے۔ وزیر صحت نے کہاکہ حکومت کی جانب سے سرکاری دواخانوں میں بنیادی سہولتوں کو بہتر بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ 1