وزیراعظم مودی کی آج قومی ایوارڈ یافتہ اساتذہ سے ملاقات

   

نئی دہلی : وزیراعظم نریندر مودی 5 ستمبر کو یوم اساتذہ کے موقع پر 7 لوک کلیان مارگ میں شام 4:30 بجے قومی ایوارڈ یافتہ اساتذہ سے ملاقات کریں گے۔ اس سال نیشنل ایوارڈس ٹو ٹیچرس 2022ء کیلئے ملک بھر سے 45 اساتذہ کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔ منتخبہ اساتذہ کا تعلق ہماچل پردیش، ہریانہ، پنجاب، مہاراشٹرا اور تلنگانہ کے علاوہ دیگر علاقوں سے ہے۔ صدرجمہوریہ دروپدی مرمو 5 ستمبر کو وگیان بھون نئی دہلی میں یوم اساتذہ کے موقع پر منعقد ہونے والے خصوصی تقریب میں ایوارڈس عطا کریں گی۔ وزیراعظم کے دفتر سے جاری کردہ پریس نوٹ کے مطابق ٹیچرس کو قومی ایوارڈس عطا کرنے کا مقصد ملک میں سخت محنت اور جانفشانی سے کام کرتے ہوئے معیار تعلیم کو بہتر بنانے کیلئے جدوجہد کرنے اور طلبہ کے زندگیوں اور ان کے مستقبل کو بہتر بنانے کا جذبہ رکھنے والے اساتذہ کو شعبہ تعلیم میں گرانقدر حصہ ادا کرنے کیلئے اعزاز سے نوازنا ہے۔ منتخب اساتذہ میں تین کا تعلق تلنگانہ سے ہے جن میں ٹی ایم سریدھر (محبوب نگر)، کے رامیا (ملگ) اور سنیتاراؤ (میڑچل۔ ملکاجگری) شامل ہیں۔
تقریب دوردرشن پر لائیو ٹیلی کاسٹ کی جائے گی۔