وزیراعظم کی مہم سے عوام بدظن، مودی کو کے سی آر خاندان پر تنقید کا حق نہیں

   


نریندر مودی کے دورہ تلنگانہ اور خطاب پر محمد فاروق حسین کا ردعمل

حیدرآباد۔13۔نومبر(سیاست نیوز) وزیر اعظم نریندر مودی ملک کی ترقی کے اقدامات کے بجائے سیاسی خاندانو ں کو نشانہ بناتے ہوئے ملک میں نفرت پھیلانے اور عوام کو بدظن کرنے کی مہم چلا رہے ہیں۔ رکن قانون ساز کونسل جناب محمد فاروق حسین نے وزیر اعظم کے دورۂ تلنگانہ کے دوران کئے گئے خطاب اور چیف منسٹر کے سی آر پر کی گئی تنقیدوں پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اقتدار حاصل کرنے کے لئے نریندر مودی نے 2014 سے پہلے ’’گاندھی خاندان‘‘ کو نشانہ بناتے ہوئے عوام کو گاندھی خاندان سے بدظن کرنے کی کوشش کی اور اب وہی پالیسی تلنگانہ میں اختیار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ تلنگانہ عوام تشکیل تلنگانہ کی تاریخ سے واقف ہیں ۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت اور تلنگانہ راشٹر سمیتی کو خوفزدہ کرنے کے لئے کی جانے والی کوششوں سے ریاست میں برسراقتدار جماعت خوفزدہ ہونے والی نہیں ہے بلکہ تلنگانہ راشٹر سمیتی جدوجہد کرنے والی سیاسی جماعت کا نام ہے جو کہ 2001 سے مسلسل جدوجہد کرتے ہوئے اپنے مقاصد حاصل کر رہی ہے۔ جناب محمد فاروق حسین نے بتایا کہ تشکیل تلنگانہ کے بعد سے تلنگانہ میں کی جانے والی ترقی کی سراہنا خود مرکزی حکومت کے اداروں کی جانب سے کی جا رہی ہے اور محکمہ آبپاشی نے گذشتہ یوم ہی ریاستی حکومت کے کالیشورم پراجکٹ کی سراہنا کی ہے جبکہ وزیر اعظم حکومت تلنگانہ پر الزام عائد کر رہے ہیں کہ ریاست میں خاندانی حکمرانی چلائی جار ہی ہے۔ انہو ں نے بتایا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور ان کے افراد خاندان پر تنقید کا وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا کوئی حق نہیں ہے جناب محمد فاروق حسین نے کہا کہ آنجہانی راجیوگاندھی کے قاتلوں کی رہائی ‘ بلقیس بانوں کے مجرمین کی رہائی اور گجرات فسادات میں ملوث شخص کے بیٹے کو ٹکٹ دیا جانا ایسی حرکتیں ہیں جنہیں عوام معاف نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں برسراقتدار حکومت بالواسطہ طور پر مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کی سرپرستی کر رہی ہے جس کی مثال کسان احتجاج کے دوران لکھیم پورکھیری میں مرکزی وزیر کے فرزند کی جانب سے احتجاجیوں کو گاڑی سے کچلنے کے باوجود کاروائی نہ کیا جانا ہے۔ رکن قانون ساز تلنگانہ راشٹر سمیتی نے بتایا کہ ملک کی بیشتر تمام ریاستوں کے لئے ریاست تلنگانہ ترقیاتی امور میں مثال بنی ہوئی ہے ۔م