جودھپور : راجستھان کی سابق وزیر اعلی وسندھرا راجے نے جودھ پور میں راج ماتا وجئے راجے سندھیا کی یادگار پر پھول چڑھائے۔ یادگار اور اردگرد کی حالت دیکھ کر سابق وزیر اعلیٰ ناراض ہو گئیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح دوسروں کے مجسموں کی دیکھ بھال کی جاتی ہے اسی طرح راج ماتا کی یادگار کا بھی خیال رکھا جانا چاہیے۔ وسندھرا راجے سندھیا نے صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ راج ماتا وجئے راجے سندھیا نے ملک اور ہم سب کے لیے بہت کچھ کیا اسی لئے ان کا مجسمہ وہاں نصب ہے۔ میں کہنا چاہتی ہوں کہ جس طرح سے افسران، انچارجز اور یہاں کے کونسلر دوسروں کے لیے بہت کچھ کر رہے ہیں، وہ راج ماتا وجئے راجے سندھیا کے مجسمے کا بھی خیال رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک یادگار کو صاف نہیں رکھا جا رہا ہے۔ راج ماتا نے نہ صرف ریاست بلکہ ملک کے لیے بھی بہت کچھ کیا ہے، اس کے باوجود اگر حکومت اس پر توجہ نہیں دے رہی ہے تو سوچنے کی بات ہے۔