دبئی ۔16 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے سابق کپتان اور عظیم فاسٹ بولر وسیم اکرم نے پاکستانی شائقین سے پاکستان سوپر لیگ(پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کو کامیاب بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کریں۔ پی ایس ایل میں کراچی کنگز کے صدر کی خدمات انجام دینے والے وسیم اکرم نے متحدہ عرب امارات میں موجود پاکستانی شائقین سے درخواست کی کہ وہ لیگ کو کامیاب بنانے کے لیے بڑی تعداد میں میچز دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم میں آئیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری لیگ ہے، پاکستان نے یہ لیگ اپنے شائقین کے لیے بنائی ہے، لیگ میں شامل تمام چھ ٹیموں کے مالکان پاکستانی ہیں۔ سوئنگ کے سلطان نے کہا کہ آپ چاہے میچز دیکھنے کے لیے دبئی، شارجہ یا ابوظہبی کے اسٹیڈیم آئیں یا پاکستان آئیں، چاہے ٹیلی ویژن پر میچ دیکھیں، بس اس لیگ سے لطف اندوز ہوں۔ پاکستان سوپر لیگ کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ اس طرح کے ایونٹ کے انعقاد میں شدید محنت صرف ہوتی ہے لہٰذا ایک معمولی ملازم سے لے کر پی سی بی چیئرمین اور وزیر اعظم عمران خان کی حکومت کے تمام ذمے داران تک ہر فرد تعریف کا مستحق ہے لیکن اس کو کامیاب بنانے میں صرف شائقین ہی کردار ادا کر سکتے ہیں۔یاد رہے کہ جمعہ کو تعطیل کا دن ہونے کے باوجود میدان خالی تھے جبکہ آن لائن ٹکٹوں کی خریداری میں بھی عوام نے ابھی تک کوئی دلچسپی نہیں دیکھائی۔