یلاریڈی ڈی ایس پی کو متاثرہ خواتین کی یادداشت ، انصاف کا مطالبہ
یلاریڈی ۔ میونسپل یلاریڈی کے مختلف وارڈوں سے تعلق رکھنے والے 33 آسرا ، وظیفہ خواروں نے یلاریڈی ڈی ایس پی شاشنک ریڈی کو میورنڈم پیش کرتے ہوئے 8نمبر وارڈ کونسلر خاتون کے شوہر سرینواس کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ۔ بیڑی ورکرس آسراء وظیفہ یابوں نے الزام لگایا کہ وظائف کی منسوخی کے ذمہ دار سیاسی قائد کے خلاف پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی گئی لیکن ابھی تک کچھ کارروائی نہیں ہوئی ۔ جس پر ڈی ایس پی آفس پہونچکر اپنی دوبارہ شکایت درج کرواتے ہوئے وظائف کی منسوخی میں اصل ذمہ دار کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ ڈی ایس پی شاشنک ریڈی نے کہا کہ پولیس نے کمپیوٹر آپریٹر کو طلب کرتے ہوئے پوچھ تاچھ کرنے پر بتایا کہ اس نے اپنی طرف کچھ نہیں کیا ۔ اس میں پولیس کسی کے بچاؤ میں کام نہیں کر رہی ہے جو کوئی بھی اور کتنا ہی بڑا آدمی کیوں نہ ہو وظائف کی منسوخی میں ملوث پایا گیا تو کارروائی ضرور کرنے کا تیقن دیا ۔ ڈی ایس پی نے مزید کہا کہ تین ماہ سے وظائف بند ہونے پر میونسپل کمشنر اور ضلعی اعلی عہدیداروں سے کیوں شکایت نہیں کی ۔ وظائف میں ہیرا پھیری ہونے کا ضلع عہدیدار اگر احکام جاری کریں تو ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ضرور کریں گے ۔ یلاریڈی آسرا وظیفہ خواروں کے ساتھ سیاسی انتقام لینے ووٹ نہ دینے والوں کے وظائف منسوخ کروانے کیلئے کونسلر کے شوہر کے خلاف قانونی کارروائی کا خواتین بار بار مطالبہ کر رہے ہیں ۔ لیکن کچھ سیاسی طاقتیں انہیں بچانے کا کام کرتی نظر آرہی ہیں اور ضلع کلکٹر نے بھی میونسپل کمشنر کی تنخواہ سے وظائف کی رقم کٹوتی کرنے کا حکم دے دیا ہے اور اصل ذمہ داروں کے خلاف اب تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی ۔ برسر اقتدار جماعت کے کونسلر کا شوہر ہونے سے کارروائی میں ٹال مٹول ہونے کا بیڑی ورکرس الزام لگارہے ہیں ۔ کچھ بھی ہو فی الوقت تو سیاسی انتقام لینے کی غرض سے کی گئی اس سازش کی سزا صرف میونسپل کمشنر کو ہی دی گئی ۔ وظیفہ منسوخ ہونے والی 33 خواتین کو کہاں تک انصاف ملتا ہے دیکھا جائے گا ۔ جس کیلئے خواتین تمام کوششیں ضرور کر رہے ہیں ۔
