نئی دہلی: صدرجمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے ہفتہ کے روزوقف بل (ترمیمی) بل 2025 کو منظوری دے دی۔ اس کے ساتھ ہی پارلیمنٹ میں منظور ہونے والا یہ بل ملک کا قانون بن گیا ہے ۔وزارت قانون و انصاف کے محکمہ قانون نے صدر جمہوریہ کی منظوری کے بعد وقف ترمیمی بل 2025 کو گزٹ آف انڈیا میں نوٹیفائی کر دیا ہے ۔ وقف ترمیمی بل جمعہ کے اوائل میں راجیہ سبھا میں 17 گھنٹے کی طویل بحث اور ووٹوں کی تقسیم کے بعد منظور کیا گیا۔ بل کے حق میں 128اور مخالفت میں 95 ووٹ ڈالے گئے ۔ اس سے ایک دن پہلے لوک سبھا میں 13گھنٹے کی بحث کے بعد بل کو منظور کیا گیا تھا جہاں اس کے حق میں288اور مخالفت میں 232ووٹ پڑے ۔حکومت کا کہنا ہے کہ اس بل سے وقف کے کام کاج اور انتظام میں شفافیت اور جوابدہی میں اضافہ ہوگا اور غریب مسلمانوں کو اس کا فائدہ ہوگا۔