منوگوڑ ضمنی چناؤ کے بعد مطالبات کی یکسوئی کا تیقن
حیدرآباد ۔13 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) چیف سکریٹری سومیش کمار کی مداخلت پر ریاست میں ولیج ریونیو اسسٹنٹس (وی آر ایز) نے 80 دن سے جاری ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا ۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے وی آر ایز کے نمائندوں سے بات چیت کی اور ان کے مسائل کی یکسوئی کا تیقن دیا۔ چیف سکریٹری نے وی آر اے اسوسی ایشن کے نمائندوں سے کہا کہ حکومت ان کے مطالبات پر ہمدردانہ غور کرے گی ۔ تمام مسائل کی مناسب انداز میں یکسوئی کردی جائے گی ۔ منوگوڑ اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ کے سبب انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہیں اور الیکشن کے فوری بعد حکومت وی آر ایز کے مطالبات کی یکسوئی کرے گی۔ اسوسی ایشن کی جانب سے چیف سکریٹری کو یادداشت پیش کی گئی جس میں پے اسکیل ، پر وموشن اور سرویس رولز جیسے مطالبات شامل ہیں۔ بعد میں تلنگانہ ریونیو ایمپلائیز سرویسز اسوسی ایشن کے صدر وی رویندر ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے مطالبات پر مثبت ردعمل ظاہر کیا ہے ۔ انہیں امید ہے کہ ضمنی چناؤ کے بعد مسائل کی یکسوئی ہوگی۔ وی آر ایز کو ہڑتالی مدت کی تنخواہ ادا کی جائے گی ۔ ہڑتال کے دوران وی آر ایز کے فوت ہونے والے افراد خاندان کی ممکنہ مدد کی جائے گی۔ قبل ازیں وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راو اور وزیر فینانس ہریش راؤ نے بھی ہڑتالی وی آر ایز سے بات چیت کی تھی۔ چیف سکریٹری سومیش کمار سے ملاقات کرنے والوں میں رویندر ریڈی ، پی بھاسکر ، وینکٹیش ، دادے میاں ، بی سائنا ، وی راملو ، وائی وینکٹیش یادو ، شیخ محمد رفیع اور دوسرے شامل ہیں۔ ر