ہیملٹن کپتان کین ولیمسن ناٹ آؤٹ 97 رنز اور اوپنر ٹام لاتھم (86) کی نصف سنچری سے نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹسٹ کے پہلے دن پہلی اننگز میں 78 اوورمیں دو وکٹوں پر243 رنز کا اسکور بناکر اپنا موقف مستحکم کرلیا ہے ۔ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ نے لاتھم اور ولیمسن کی نصف سنچریوںکی بدولت مضبوط اسکور بنایا۔ پہلے دن کے کھیل کے اختتام تک ، ولیمسن 219 گیندوں میں16 چوکوں کی مدد سے97 اور راس ٹیلر61 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے31 رنز بناکرکریز پر موجود ہیں۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اسے پہلا دھکا ولی ینگ کے طور پر ملا جسے شینن گیبریل نے ایل بی ڈبلیو کرکے پویلین بھیجا۔ ینگ نے پانچ رنز بنائے ۔ اس کے بعد لاتھم اور ولیمسن نے مورچہ سنبھالا اور دوسرے وکٹ کے لئے مضبوط 154 رنز کی شراکت قائم کی۔تاہم کیمر روچ نے لاتھم کو بولڈ کرکے شراکت کو ختم کیا۔ لاتھم نے اپنی اننگز میں184 گیندوں میں 12 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔