ون نیشن ون الیکشن نظریہ ملک کے استحکام میں مددگار : پون کلیان

   

ایم کے اسٹالن سے مخالفت ترک کرنے کی اپیل، مودی کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر
حیدرآباد 26 مئی (سیاست نیوز) آندھراپردیش کے ڈپٹی چیف منسٹر پون کلیان نے ملک میں ون نیشن ون الیکشن نظریہ کی تائید کی اور کہاکہ اِس سے ملک میں مثبت تبدیلی کا امکان ہے۔ چینائی میں ون نیشن ون الیکشن کے موضوع پر سمینار سے خطاب کرتے ہوئے پون کلیان نے کہاکہ اِس نظریہ سے ملک کو مستحکم کیا جاسکتا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اگر سارا ملک متحد ہو تو پھر اس نظریہ پر عمل آوری میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوسکتی۔ ون نیشن ون الیکشن کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے مرکز کو اقدامات کرنے چاہئے۔ پون کلیان نے کہاکہ بعض مشکلات اور مسائل ضرور پیدا ہوں گے جن کا حل تلاش کیا جاسکتا ہے۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں دھاندلیوں سے متعلق الزامات کا حوالہ دیتے ہوئے پون کلیان نے کہاکہ یہ الزامات بے بنیاد ہیں۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ذریعہ ہی سابق میں کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ پون کلیان نے دعویٰ کیاکہ آئندہ عام انتخابات میں ٹاملناڈو میں بی جے پی زیرقیادت اتحاد برسر اقتدار آئے گا۔ اُنھوں نے وزیراعظم نریندر مودی کی ستائش کی اور کہاکہ اُن کی قیادت میں ملک ہر شعبہ میں ترقی کررہا ہے۔ پون کلیان نے چیف منسٹر ٹاملناڈو ایم کے اسٹالن سے اپیل کی کہ وہ ون نیشن ون الیکشن کی مخالفت ترک کریں اور ملک کے مفاد میں اِس اہم فیصلہ کی تائید کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ نہ صرف ٹاملناڈو بلکہ ملک میں معاشی اصلاحات کے نفاذ میں یہ فیصلہ کارگر ثابت ہوگا۔ اُنھوں نے کہاکہ اپوزیشن پارٹیاں غیر ضروری طور پر اِس تجویز کی مخالفت کررہی ہیں حالانکہ مرکزی حکومت کا یہ فیصلہ ملک کے مفاد میں ہے۔1