عوام سیاسی جماعتو ں کی تاریخ اور مقابلہ کرنے والے امیدواروں کا گہرائی سے جائزہ لے کر ووٹ کا فیصلہ کریں
حیدرآباد ۔ 6 نومبر ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ ووٹ کا صحیح استعمال نہیں کیا گیا تو تلنگانہ کا مستقبل خطرے میں پڑ جائے گا ۔ عوام ووٹ دینے سے پہلے سیاسی جماعتوں کی تاریخ اور امیدواروں کے کردار کا گہرائی سے جائزہ لیں ۔ ریاست کی مزید ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے بی آر ایس کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں ۔ قومی سطح پر حکومت تشکیل دینے میں علاقائی جماعتیں اہم رول ادا کریں گی ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے متحدہ ضلع محبوب نگر میں دیورکدرہ ، نارائن پیٹ ، مکتھل ، گدوال حلقوں میں بی آر ایس جلسوں سے خطاب میں کہا کہ عوام کانگریس اور بی جے پی کے باہر سے آئے قائدین اور ان کے وعدوں پر بھروسہ نہیں کریں گے ۔کانگریس نے کرناٹک عوام سے جھوٹے وعدے کرکے دھوکہ دیا ۔ بی جے پی کی زیر اقتدار ریاستوں میں تلنگانہ جیسی فلاحی اسکیمات نہیں ہیں ۔ یہ دونوں جماعتیں تلنگانہ میں عوام کو ہتھیلی میں جنت دکھاکر دھوکہ دے رہے ہیں ۔ الیکشن آئیں گے اور جائیں گے مگر عوام الجھن کا شکار نہ ہوں اور عجلت میں کوئی فیصلہ نہ کریں ۔ چھوٹی سی غلطی بھی ریاست کو تاریکی میں ڈھکیل دے گی ۔ جمہویت میں جیت ہمیشہ عوام کی ہونی چاہیئے ۔ ووٹ دینے سے قبل عوام اپنے علاقوں ، بستیوں میں مذاکرات کریں ۔ جماعتوں کی تاریخ بالخصوص ماضی ، حال اور مستقبل کو مدنظر رکھیں اور امیدواروں کے کردار کا جائزہ لیں جس کے بعد 30 نومبر کو الکٹرانک ووٹنگ مشین کا بٹن دبایئے ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے بتایا کہ انہوں نے اپنی زندگی کو داؤ پر لگاکر علحدہ تلنگانہ حاصل کیا اور صرف 10 سال میں تلنگانہ کو ترقی اور بہبود کے معاملہ میں ملک کی سرفہرست ریاست میں تبدیل کردیا ۔ ( باقی سلسلہ صفحہ 9 پر )