جب تک کے سی آر چیف منسٹر ہیں ریاست کو کوئی خطرہ نہیں ہے ، عوام پوری طرح مطمئن
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : ریاستی وزیر اور بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے کہا کہ وہ ووٹ حاصل کرنے کے لیے کبھی شراب تقسیم نہیں کریں گے اور نہ ہی نقد رقم تقسیم کرتے ہوئے چلر سیاست کریں گے ۔ راجنا سرسلہ کلکٹریٹ میں بی سی بندھو اسکیم کے چیک تقسیم کرنے کے بعد کے ٹی آر نے اپوزیشن جماعتوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 50 سال کے اقتدار میں کچھ نہ کرنے والے آج عوام سے ایک موقع فراہم کرنے کی بھیک مانگ رہے ہیں ۔ ووٹ مانگنے کے لیے عوام کے درمیان پہونچنے والے ایسے قائدین سے سوال کرنے کا عوام کو مشورہ دیا ۔ ووٹوں کی خاطر شراب اور نقد رقم تقسیم کرنے والوں پر ہرگز بھروسہ نہ کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی زندگی میں آج تک کبھی ووٹوں کی خاطر نا شراب تقسیم کی اور نہ ہی پیسے تقسیم کئے ہیں ۔ آئندہ الیکشن میں بھی ایسا کچھ نہیں کریں گے ۔ اگر عوام کی تائید رہی تو دوبارہ کامیاب ہوں گے ورنہ گھر میں بیٹھ جاؤں گا مگر کبھی شراب اور نقد رقم تقسیم کرتے ہوئے چلر سیاست نہیں کروں گا ۔ عوام کے ساتھ رہنے کی ذمہ داری میری ہے ۔ جب تک کے سی آر چیف منسٹر ہے ریاست کو کوئی دھوکہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ستمبر میں چیف منسٹر کے سی آر سرسلہ میں میڈیکل کالج کا افتتاح کریں گے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کا دور اقتدار فلاح و بہبود کی جنت میں تبدیل ہوگیا ہے ۔ پسماندہ طبقات کی سماجی معاشی تعلیمی ترقی کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ماں کے پیٹ میں رہنے والے بچے سے معمرین تک تمام لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے مختلف فلاحی اسکیمات کو نہ صرف متعارف کرایا گیا ہے بلکہ کامیاب طریقہ سے اس پر عمل کیا جارہا ہے ۔ اقلیتوں کے لیے بھی ایک لاکھ روپئے کی امداد عنقریب شروع کی جائے گی ۔ انہوں نے شوہر کے انتقال ہوجانے پر فوری اسرا پنشن بیوی کے نام منتقل کردینے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔۔ ن