سری نگر ۔ جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پیر کے روز کہا کہ ووٹر فہرستوں میں اپنا نام درج کرکے اُن مذموم عزائم کو ناکام بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے جن کے ذریعے جموں و کشمیر کے عوام کو مزید بے اختیار کرنے کے حربے اپنائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کو اس وقت بہت سارے سیاسی اور جمہوری چیلنجوں کا سامنا ہے ۔ ان باتوں کا اظہار موصوف نے چترگام شوپیان میں یک روزہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ جموں وکشمیر کے عوام ہر حال میں بے اختیار کرنے کا سلسلہ آج بھی جاری ہے اور غیر مقامی باشندوں کو یہاں ووٹنگ کے حقوق دینا بھی اسی منصوبے کی ایک کڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس مذموم منصوبے کا مقابلہ صرف اور صرف عوام ووٹر فہرستوں میں اپنا نام درج کرکے کرسکتے ہیں۔ اس لئے ضروری ہے کہ 18سال سے زیادہ عمر کا ہر ایک پشتینی باشندہ ووٹر لسٹ میں اپنا نام درج کرے اور مستقبل میں جب کبھی بھی انتخابات ہوں ، اُس وقت بھر پور انداز میں حق رائے دہی کا استعمال کرکے اپنے مفادات کا تحفظ اور حقوق کی بحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ جموں وکشمیر کو اس وقت جہاں بہت سارے سیاسی اور جمہوری چیلنجوں کا سامنا ہے وہیں منشیات کے استعمال کا تشویشناک حد تک بڑھ گیا ہے اور اس وباء کا قلع قمع کرنا آج حکومت، انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں خصوصاً عوام کیلئے ایک بہت بڑا چیلنج بن کر سامنے آیاہے ۔