ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندراج کا مشورہ

   

کاغذنگر میں ایس آئی آر کا دوسرا مرحلہ شروع ، نوٹس کا جواب دینے کی تیاری : جوپلی کرشنا راؤ
کاغذ نگر ۔ 18 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کاغذ نگر میں آج ایم ایل سی ڈنڈے وٹھل کی نگرانی میں ایس آئی آر ۔ II مرحلے کے پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے ریاستی وزیر و ضلع انچارج جوپلی کرشنا راو اور تلنگانہ لائبریری اسٹیٹ چیئرمین ڈاکٹر محمد ریاض نے شرکت کی۔ اس موقع پر جو پلی کرشنا راؤ نے کاغذ نگر مونسپل چیر پرسن شاہین سلطانہ، کانگریس پارٹی ڈسٹرکٹ صدر اترم سگنا، کانگریس پارٹی اسٹیٹ جنرل سکریٹری اقلیتی عبدالشکیل، کانگریس پارٹی آصف آباد انچارج شام نائک، لائبریری ڈسٹرکٹ چیئرمین انیل کمار، کانگریس پارٹی مائنارٹی ڈسٹرکٹ چیئرمین ارشد حسین، سابقہ میونسپل چیئرمین شیخ دستگیر، مارکیٹ کمیٹی چیئرمین دیویا کے ساتھ مل کر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایس آئی آر کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے۔ اور دوسرے مرحلے کے تحت ریاست تلنگانہ میں ایس آئی آر دوسرے مرحلے کا پہلا پروگرام کاغذ نگر میں شروع کیا جا رہا ہے تاکہ دوسرے مرحلے میں پیش آنے والے مسائل کی تیاری کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کی جانب سے دی گئی نوٹس کا جواب دیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی سطح پر تقریباً 92 لاکھ لوگوں کو نوٹس کی اجرائی کے امکانات ہیں۔ اس لیے نوٹس ملتے ہی الیکشن کمیشن کی جانب سے دیے گئے 11 شناختی کارڈ میں سے کسی ایک کا ثبوت پیش کرنے کا مشورہ دیا۔ اس کے علاوہ یکم اکتوبر 2026 کو 18 سال مکمل ہونے والے نوجوانوں کو فوری طور پر فارم 6 کی خانہ پوری کرتے ہوئے ووٹر لسٹ میں ناموں کا اندراج کرنے کانگریس پارٹی کارکنوں کو مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ 10 بوتھ پر ایک کانگریس پارٹی صدر کو ذمہ داری دی جاتی ہے تاکہ ہر ایک ووٹر کی رہبری ہو سکے۔ اس کے علاوہ الیکشن کمیشن کی جانب سے دوسرے مرحلے کے تحت نوٹس کی اجرائی پر ناموں کو درست کرنے کیلئے اپنے اپنے علاقوں میں کانگریس پارٹی قائدین اور کانگریس پارٹی کارکنوں کو بڑی ذمہ داری کے ساتھ خدمات انجام دینے کا مشورہ دیا۔ اس کے علاوہ ایس آئی آر کے پہلے مرحلے کے تحت ریاستی سطح پر حلقہ اسمبلی سرپور ٹاؤن سے بہتر کارکردگی پر ریاستی وزیر نے مقامی پارٹی قائدین کو مبارکباد بھی پیش کی۔ بعد ازاں ریاستی وزیر جوپلی کرشنا راو نے رکن اسمبلی ڈاکٹر پی ہریش راؤ، ایم ایل سی اور کانگریس پارٹی قائدین کے ساتھ مل کر کاغذ نگر سے وانکڑی کے درمیان میں موجود ندی پر 8 کروڑ 50 لاکھ کی لاگت سے پل کے تعمیراتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر میونسپل کونسلرز اور کانگریس پارٹی قائدین موجود تھے۔