وکلاء سے اضافی ملاقات سے متعلق کجریوال کی درخواست پر ہائی کورٹ کا فیصلہ محفوظ

   

نئی دہلی : تہاڑ جیل میں بند دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال کی وکلاء سے اضافی ملاقات سے متعلق درخواست پر ہائی کورٹ نے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ کیجریوال نے دہلی ہائی کورٹ میں درخواست دیتے ہوئے یہ مطالبہ کیا تھا کہ انہیں وکلاء سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ملاقات کا اضافی وقت دیا جائے۔ اس پر عدالت میں سماعت ہوئی اور دونوں فریق کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔وزیر اعلیٰ کیجریوال کی جانب سے داخل کی گئی اس درخواست کی ای ڈی نے مخالفت کی۔ ای ڈی کی جانب سے پیش ہوئے خصوصی وکیل زوہیب حسین نے وزیر اعلیٰ کیجریوال کے اس مطالبے کی مخالفت کی اور کہا کہ اس درخواست کا کوئی مطلب نہیں ہے کیونکہ سپریم کورٹ پہلے ہی وزیر اعلیٰ کیجریوال کو ضمانت دے چکا ہے۔ ’لائیو لاء‘ کی رپورٹ کے مطابق زوہیب حسین نے کہا کہ جب جیل میں عام لوگوں کو ہفتے میں صرف دو بار وکلاء سے ملنے کی اجازت ہوتی ہے تو وزیر اعلی کیجریوال کے ساتھ مختلف سلوک کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعلیٰ کیجریوال نے یہ ثابت کرنے کے لیے کوئی حقائق پیش نہیں کیے ہیں کہ وکلاء سے دو قانونی ملاقاتیں ان کے لیے ناکافی ہیں۔