حیدرآباد 11 نومبر (سیاست نیوز ) شراب اسکام میں ملوث سیاسی قائدین اور عہدیداروں کے علاوہ تاجرین ڈیجیٹل شواہد کو مٹانے اب تک زائد از 140 موبائیل فون تلف کرچکے ہیں ۔ کہا جا رہاہے کہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ اور سی بی آئی کو کسی قسم کے شواہد حاصل نہ ہوں اس لئے فون تلف کئے جا رہے ہیں جبکہ فون میں موجود مواد کو نکالنا دشوار نہیں ہے۔ ای ڈی حکام نے دعویٰ کیا کہ شراب اسکام میں تحقیقات میں شدت اور گرفتاریوں کے آغاز کے بعد سے اب تک 140 سے زائد فون تلف کئے جاچکے ہیں اس کے باوجود ان تفصیلات تک رسائی حاصل کی جا رہی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ فرانسیسی وائن کمپنی کے علاقائی نگران پرنارڈ رچرڈکے علاوہ ستیش چندرا ریڈی کے ریمانڈ کیلئے کوشش کے دوران ای ڈی عہدیداروں نے انکشاف کیا او رکہا کہ ملزمین ڈیجیٹل شواہد کو مٹانے کی کوشش کر رہے ہیں اور فون تلف کرکے ایک دوسرے سے روابط اور پیغام کے ریکارڈ کو تلف کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق ای ڈی کو ملے شواہد کے مطابق دہلی شراب پالیسی میں ترمیم اور تبدیلی کیلئے زائد از 100کروڑ روپئے کے لین دین کی تفصیلات ملی ہیں جبکہ اس معاملہ کی مز ید تحقیقات و دیگر ریاستوں میں کی گئی تبدیلیو ںکا جائزہ لینے پر یہ بات سامنے آئے گی کہ شراب اسکام کوئی چھوٹا نہیں ہے بلکہ کئی ریاستوں سے اس معاملہ کے تار جڑے ہیں۔ستیش چندرا ریڈی ‘ ڈائرکٹر اروبندو فارما کے علاوہ اب تک کی گرفتاریوں کے بعد یہ دعویٰ کیا جانا کہ معاملہ میں ملوث افراد اپنے فون تلف کرکے شواہد کو مٹانے کی کوشش کر رہے ہیں تشویشناک ہے لیکن ایجنسیوں سے یہ کہا جانا کہ وہ فون میں موجود مواد کے حصول میں کامیاب ہورہے ہیں معاملہ کی سنگینی کو ظاہر کرتا ہے کہ ای ڈی سے کس حد تک باریکی سے جانچ کی جا رہی ہے ۔ شراب اسکام تحقیقات کے سلسلہ میں ای ڈی کا کہنا ہے کہ اب تک کی تحقیقات میں کافی پیشرفت ہوئی ہے اور اب جبکہ گرفتاریوں کا سلسلہ شروع ہوا ہے تو آئندہ دنوں میں مزید انکشافات کا امکان ہے ۔نئی گرفتاریوں کے بعد پوچھ تاچھ میں ملزمین کے تعلقات اور ان کی رسائی کے متعلق تفصیلات حاصل ہوں گی جن کی بنیاد پر کاروائی کی جائیگی۔