سڈنی ۔ میلبورن ٹسٹ میں شکست کے بعد اب ہندوستانی ٹیم کی توجہ3 جنوری کو شروع ہونے والے بارڈرگواسکر ٹرافی کے آخری اور فیصلہ کن میچ پر ہے لیکن اس سے پہلے خبریں آرہی ہیں کہ ٹیم کا ایک تجربہ کارکھلاڑی خود کو عبوری کپتان کے طور پر پیش کررہا ہے۔ روہت شرما اپنی خراب فارم اور مایوس کن کپتانی سے گزر رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایک اورکھلاڑی خود کو کپتان کے کردار میں دیکھ رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس میں کھلاڑی کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔ صرف اس بات کا ذکر ہے کہ وہ کھلاڑی ٹیم میں سینئر ہے۔ بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ وہ ویراٹ کوہلی ہو سکتے ہیں، حالانکہ اس بارے میں مصدقہ معلومات دستیاب نہیں ہیں۔یادرہے کہ ویراٹ نے 2022 میں ٹسٹ ٹیم کی کپتانی چھوڑدی ۔ یہ تو میڈیا رپورٹس کی بات ہے لیکن ہندوستانی ٹسٹ ٹیم کا اگلا کپتان بننے کے سب سے مضبوط دعویدار جسپریت بمراہ ہیں۔ روہت شرما اپنے ٹسٹ کیریئر کے خراب دور سے گزر رہے ہیں۔ میلبورن ٹسٹ کے بعد رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ اپنا آخری ٹسٹ سڈنی میں کھیل سکتے ہیں۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو بمراہ ٹیم کی کمان سنبھال لیں گے۔ وہ اس وقت ٹیم کے نائب کپتان ہیں۔ جب روہت پرتھ میں پہلے ٹسٹ میں موجود نہیں تھے تو بمراہ نے ٹیم کی کپتانی کی اور ہندوستانی ٹیم نے یہ میچ295 رنز سے جیتا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق اس وقت بھی اس سینئر کھلاڑی کی نظریں کپتانی پر جمی ہوئی تھیں۔