نیویارک ۔ 21 ڈسمبر (ایجنسیز) معروف ٹیکنالوجی کمپنی گوگل اور ایپل نے بعض امریکی ویزا رکھنے والے ملازمین کو بین الاقوامی سفر سے گریز کرنے کی ہدایت دی ہے، کیونکہ سفارت خانوں میں ویزا اسٹیمپ کیلئے ملاقاتوں میں تاخیر 12 ماہ تک ہو سکتی ہے۔بزنس انسائیڈر نے ایک اندرونی ای میل کے حوالے سے بتایا کہ دونوں کمپنیوں کے وکیلوں نے بتایا کہ یہ تاخیر نئے سوشل میڈیا چیک کے تقاضوں کی وجہ سے ہے اور ملازمین کو خبردار کیا گیا ہے کہ اگر ملاقاتیں ملتوی ہو گئیں تو وہ امریکہ کے باہر پھنس سکتے ہیں۔ خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ نے اس حوالے سے کمپنیوں سے رد عمل معلوم کیا لیکن ابھی تک جواب نہیں ملا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کچھ امریکی سفارت خانے اور قونصل خانے ویزا ملاقاتوں میں 12 ماہ تک تاخیر کا سامنا کر رہے ہیں اور بین الاقوامی سفر کے دوران “امریکہ کے باہر طویل عرصے تک رہنے کے خطرات” سے آگاہ کیا گیا ہے۔امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے اس ماہ اعلیٰ ہنر رکھنے والے H-1B ویزا درخواست دہندگان کیلئے اضافی جانچ کا اعلان کیا ہے، جس میں سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی چھان بین بھی شامل ہے۔ستمبر میں الفابیٹ کمپنی نے اپنے ملازمین کو سختی سے بین الاقوامی سفر سے گریز کرنے کی ہدایت دی تھی اور H-1B ویزا رکھنے والے ملازمین کو امریکہ میں رہنے کی ترغیب دی تھی۔
