وینزویلا کے دورہ پر روبیو کے ریمارکس پر کانگریس کا سوال

   

نئی دہلی، 22 مئی (یو این آئی) کانگریس کے سینئر رہنما جے رام رمیش نے جمعہ کو امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے اس بیان پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا جو انہوں نے وینزویلا کی قیادت کے مجوزہ دورۂ ہندوستان کے سلسلے میں دیا تھا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ واشنگٹن کی جانب سے نئی دہلی سے پہلے ہی ہندوستانی سفارت کاری سے جڑی پیش رفت کا اعلان کرنے کی یہ ایک روایت بن گئی ہے ۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں مسٹر رمیش نے یاد دلایا کہ روبیو وہ پہلے شخص تھے جنہوں نے 10 مئی 2025 کو ’آپریشن سندور‘ کو روکنے کا عوامی طور پر اعلان کیا تھا۔ رمیش نے کہا کہ 10 مئی 2025 کو شام 5:37 بجے، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو ’آپریشن سندور‘ کو روکنے کا اعلان کرنے والے پہلے شخص تھے ۔ انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ مسٹر روبیو نے ایک بار پھر ہندوستانی حکام سے پہلے یہ انکشاف کر دیا کہ وینزویلا کی صدر اگلے ہفتے ہندوستان کا سفر کریں گی۔ کانگریس رہنما نے لکھا کہ کل، روبیو پھر سے سب سے پہلے یہ اعلان کرنے والے شخص تھے کہ وینزویلا کی صدر اگلے ہفتے ہندوستان کا دورہ کریں گی۔ یہ اس وقت ہوا جب ہندوستان اور وینزویلا نے اس خبر کا اشارہ یا تصدیق تک نہیں کی تھی۔