کانگریس پر قتل کی سیاست کا الزام ، اصل سازشی کو بے نقاب کیا جائے ۔ خاندان کی اعانت کا اعلان : کے ٹی آر
گمبھی راوپیٹ، سرسلہ ۔ 12 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بی آر ایس ورکنگ صدر و سرسلہ رکن اسمبلی کے ٹی آر نے چہارشنبہ کے روز سرسلہ شہر کے بی وائی نگر سے تعلق رکھنے والے ہینڈلوم مزدور وینگل وینکٹیشم کے خاندان سے ملاقات کرکے تعزیت کی۔ انہوں نے وینکٹیشم کی اہلیہ، والدہ اور کمسن بیٹی کو تسلی دیتے ہوئے یقین دلایا کہ متاثرہ خاندان کو انصاف ملنے تک بی آر ایس اُن کے ساتھ کھڑی رہے گی۔اس موقع پر کے ٹی آر نے مطالبہ کیا کہ وینکٹیشم کی موت کے پس پردہ اصل وجوہات، ذمہ داروں اور مبینہ سازش کاروں کا پتہ لگانے کے لیے جامع تحقیقات کی جائیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس قتل کی سیاست کر رہی ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ سیاسی طور پر مقابلہ کرنا ہے تو انتخابات میں مقابلہ کریں، تنقید کریں یا مقدمات درج کریں، لیکن عام لوگوں کو سیاسی مفادات کے لیے قربانی کا بکرا بنانا کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہے۔ سیاسی فائدے کے لیے انسانی جانوں سے کھیلنے کی حد تک سیاست کا گر جانا انتہائی افسوسناک ہے۔اصل سازشی کو بے نقاب کیا جائے۔کے ٹی آر نے کہا کہ وینکٹیشم کی موت کے معاملے میں بعض کانگریس قائدین کو گرفتار کیا گیا ہے، تاہم وہ صرف معمولی کردار ادا کرنے والے افراد ہوسکتے ہیں۔ اس واقعہ کے اصل سازشی کون ہیں، اس کا پتہ تحقیقات کے ذریعے لگایا جانا چاہیے۔ کے ٹی آر نے خاندان کو مکان تعمیر کرکے دینے کا اعلان کیا۔کے ٹی آر نے بتایا کہ وینکٹیشم کا خاندان انتہائی دشوار حالات میں مکان میں رہ رہا ہے۔ خاندان نے نئے مکان کے لیے کانگریس قائدین سے رجوع کیا تھا، لیکن کئی ماہ تک انہیں گھماتے رہے۔کے ٹی آر نے کہا کہ انہوں نے اس سلسلے میں ضلع کلکٹر سے بھی بات کی ہے۔ اگر حکومت مکان فراہم کرنے میں ناکام رہتی ہے تو بی آر ایس کی جانب سے متاثرہ خاندان کے لیے نیا مکان تعمیر کرکے دیا جائے گا۔بیٹی کی تعلیم اور مستقبل کی ذمہ داری میری کہتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ وہ صرف سرسلہ کے رکن اسمبلی کی حیثیت سے نہیں بلکہ اس خاندان کو دیئے گئے وعدے کے مطابق ایک بھائی کی حیثیت سے بھی ذمہ داری نبھائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ وینکٹیشم کی 11 سالہ بیٹی پانچویں جماعت میں زیر تعلیم ہے اور اس کے نام پر 3 لاکھ روپئے جمع کرائے گئے ہیں، جو اس کے بالغ ہونے کے بعد اسے حاصل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ بچی کی تعلیم میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں آنے دی جائے گی۔ دسویں جماعت تک اس کی فیس اور دیگر تعلیمی اخراجات کی ذاتی طور پر ذمہ داری لینے کا انہوں نے وعدہ کیا ہے۔کے ٹی آر نے مزید کہا کہ دسویں جماعت کے بعد بچی جو بھی تعلیم حاصل کرنا چاہے گی، اس کی تعلیم جاری رکھنے کی ذمہ داری بھی وہ خود لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں انہوں نے بچی کی والدہ کو یقین دہانی کرائی ہے۔ بی آر ایس کی جانب سے خاندان کو فوری مالی امداد بھی فراہم کی گئی ہے۔انھوں نے سیاسی دباؤ سے پاک تحقیقات کا مطالبہ کیا۔کے ٹی آر نے پولیس سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کو سیاسی زاویے سے نہیں بلکہ ایک خاندان کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کے طور پر دیکھتے ہوئے تحقیقات کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ اس جرم کے پیچھے چاہے کتنے ہی بااثر افراد کیوں نہ ہوں، انہیں بے نقاب کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے۔وینکٹیشم کی موت کو خودکشی قرار دینے کی مبینہ کوششوں کا حوالہ دیتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ اس پہلو پر بھی مکمل تحقیقات کرکے حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں۔ اس موقع پارٹی قایدین ٹی آگیا، کونڈوری راویندرراو، جی چکرپانی وغیرہوجود تھے۔