حیدرآباد۔18۔مئی (سیاست نیوز) سابق وزیر وائی ایس ویویکانند ریڈی قتل کیس کے ملزم اے گنگی ریڈی کی ضمانت کی منسوخی کے موقع پر تلنگانہ ہائی کورٹ کے احکامات پر سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ نے حیرت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 30 جون کو ضمانت منسوخ کی گئی جس کے بعد دوبارہ ضمانت کے حق میں احکامات کی اجرائی حیرت کا باعث ہے۔ انہوں نے ضمانت کی منسوخی اور پھر دوبارہ ضمانت کی منظوری کے احکامات پر نکتہ چینی کی۔ وائی ایس ویویکانند کی دختر سنیتا نے کیس کے اہم ملزم گنگی ریڈی کی ضمانت کے احکامات کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا۔ انہوں نے اپنی درخواست میں کہا کہ اہم ملزم کی ضمانت سے عوام میں غلط پیام جائے گا۔ چیف جسٹس آف انڈیا کی زیر قیادت بنچ نے اس معاملہ کی سماعت کی اور وکیشن بنچ سے رجوع کیا۔ وکیشن بنچ پر آئندہ ہفتہ درخواست کی سماعت ہوگی۔ ویویکانند ریڈی قتل معاملہ میں A1 ملزم گنگی ریڈی ضمانت پر رہا ہوچکے ہیں اور ان کے جیل سے باہر رہنے کے سبب تحقیقات پر اثر انداز ہونے کا امکان ہے۔ سی بی آئی نے ضمانت کی مخالفت کی ۔ سپریم کورٹ نے 30 جون تک تحقیقات مکمل کرنے سی بی آئی کو ہدایت دی ہے۔ر