کوربا: چھتیس گڑھ کے کوربا ضلع کے پالی تھانہ علاقے میں واقع ایس ای سی ایل سراپلی بڈبڈ کوئلے کی کان میں جمعہ کی دیر رات ٹرانسپورٹرز کے دو گروپوں کے درمیان پرتشدد جھڑپ ہوگئی۔ اس گینگ وار میں ایم ٹی سی کمپنی گروپ کے ٹرانسپورٹر روہت جیسوال کو چاقو اور گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا جب کہ پانچ دیگر شدید زخمی ہو گئے ۔کوربا ضلع کے پالی ترقیاتی بلاک میں سراپلی بڈبڈ کان میں کوئلے کی بالادستی کے لیے طویل عرصے سے جاری لڑائی نے کل رات پرتشدد رخ اختیار کر لیا۔ سرائی پلی پروجیکٹ کے گیٹ پر کوئلہ لوڈ نگ کرنے کے حوالے سے ایم ٹی سی کمپنی گروپ اور دوسرے گروپ کے لوگوں کے درمیان جھگڑا ہوا۔ کچھ ہی دیر میں جھگڑا اتنا بڑھ گیا کہ دونوں فریقین کے درمیان لڑائی، تلوار بازی اور فائرنگ شروع ہو گئی۔ اس دوران روہت جیسوال کو چاقو مارا گیا اور گولی مار دی گئی جس کی وجہ سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔اس واقعے میں پانچ دیگر افراد شدید زخمی ہوئے جن میں سے دو کو فوری طور پر ہاسپٹل منتقل کیا گیا جبکہ تین افراد مبینہ طورپر لاپتا بتائے جارہے ہیں۔ پولیس ان کی تلاش میں مصروف ہے ۔ اس واقعے کے بعد پالی شہر میں شدید کشیدگی ہے ۔ سائبر ٹیم کو بھی متحرک کر دیا گیا ہے اور ملزمین کی تلاش جاری ہے ۔ اس واقعہ سے ناراض مقامی لوگوں نے ہفتہ کو شہر بند کی کال دی ہے ۔