ٹرمپ جلد ہی غزہ کی امن کونسل اور حکومت کا اعلان کرسکتے ہیں

   

تل ابیب، 27 دسمبر (یو این آئی) اسرائیلی میڈیا نے کہا ہے کہ ٹرمپ جلد ہی غزہ کی امن کونسل اور حکومت کا اعلان کرسکتے ہیں۔ اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاؤس جنوری میں غزہ جنگ بندی کے پہلے مرحلے سے آگے بڑھنا چاہتا ہے لیکن اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے پیچھے ہٹ کر امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی سینئر ٹیم کے ساتھ تنازعہ پیدا کر دیا ہے ۔ اسرائیل کے چینل 12 نے وائٹ ہاؤس کے سینئر حکام کے حوالے سے کہا کہ امریکہ جنوری کے اوائل میں غزہ میں روزمرہ کے امور چلانے کیلئے فلسطینی ٹیکنوکریٹک حکومت کے قیام کا اعلان کرنے کی امید رکھتا ہے جو نسل کشی کی جنگ کے خاتمے کے منصوبے کے دوسرے مرحلے کی ایک اہم شق ہے ۔وائٹ ہاؤس ٹیکنوکریٹک حکومت کے کام کی نگرانی کیلئے ایک کثیر القومی امن کونسل اور غزہ میں سلامتی کو سنبھالنے کیلئے ایک بین الاقوامی اسٹیبلائزیشن فورس کے منصوبے کو آگے بڑھانا چاہتا ہے ۔