واشنگٹن 15 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو کورونا وائرس نہیں ہے ۔ ان کا ٹسٹ کروایا گیا تھا جس کے نتائج منفی رہے ہیں ۔ ٹرمپ کے فزیشن نے یہ بات بتائی ۔ ٹرمپ نے گذشتہ ہفتے برازیل کے صدارتی وفد کے کئی ارکان سے ملاقات کی تھی جس میں پتہ چلا تھا کہ صدر برازیل کے پریس سکریٹری اس وائرس سے متاثر تھے ۔ اس اطلاع کے بعد ٹرمپ نے کورونا وائرس ٹسٹ کروانے سے اتفاق کرلیا تھا اور اب ان کا ٹسٹ بھی ہوگیا ہے اور وہ کورونا وائرس سے متاثر نہیں ہیں۔ فزیشن سین کانلی نے کہا کہ انہیں ٹرمپ کے معائنہ کی رپورٹ حاصل ہوگئی ہے اور یہ واضح ہوگیا ہے کہ برازیل کے صدر سے ملاقات کے ایک ہفتے کے بعد ٹرمپ میں کوئی علامات نہیں پائی گئی ہیں۔ 73 سالہ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان میں اس وائرس کی کوئی علامات نہیںہیں تاہم انہو ں نے کل ایک پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا تھا کہ وہ کوروناوائرس کا ٹسٹ کروائیں گے ۔برازیلی وفد سے ملاقات کے بعد ان کی صحت کے تعلق سے اندیشے ظاہر کئے جا رہے تھے تاہم اب اس ٹسٹ کے بعد یہ اندیشے دور ہوگئے ہیں ۔
