ٹرمپ کی خفیہ پرواز ‘سی آئی اے کو اسرائیلی اطلاع پر کم اعتماد تھا

   

واشنگٹن، 13 اگست (یو این آئی) امریکی صدر ٹرمپ کے خلاف مبینہ ایرانی قاتلانہ حملے کے خطرہ سے متعلق اسرائیل کی فراہم کردہ انٹیلی جنس کی ساکھ پر سی آئی اے کو شکوک و شبہات تھے ۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق اسی انٹیلی جنس کی بنیاد پر گزشتہ ماہ ترکیہ سے ٹرمپ کی روانگی کے دوران غیر معمولی سکیورٹی آپریشن کیا گیا تھا۔اخبار نے موجودہ اور سابق امریکی حکام کے حوالے سے بتایا کہ سی آئی اے کے تجزیہ کاروں نے اسرائیل کی فراہم کردہ معلومات کو قابلِ اعتماد اور موثر نہیں سمجھا اور ٹرمپ انتظامیہ کے حکام کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ ایک امریکی عہدیدار نے اس انٹیلی جنس کو امریکہ کی تیار کردہ نہیں بلکہ اسرائیل سے حاصل کردہ قرار دیا اور اس پر کم اعتمادکا اظہار کیا۔انٹیلی جنس سے متعلق یہ خدشات 8 جولائی کو نیٹو سربراہی اجلاس کے بعد انقرہ سے ٹرمپ کی روانگی کے دوران کیے گئے غیر معمولی سکیورٹی اقدامات کو ایک نیا رخ دیتے ہیں۔واشنگٹن پوسٹ کے مطابق حکام کو خدشہ تھا کہ اگر ٹرمپ روایتی ایئر فورس ون یا قطر کی جانب سے امریکہ کو عطیہ کیے گئے بوئنگ 747-8 طیارے میں روانہ ہوتے تو انہیں سنگین خطرہ لاحق ہوسکتا تھا۔چنانچہ ٹرمپ کو خفیہ طور پر ایئر فورس ون سے ایک C-32A فوجی طیارے میں منتقل کیا گیا۔ یہ منتقلی ہوائی اڈے پر کیٹرنگ کا سامان لانے والے ٹرک کی مدد سے کی گئی، جس کے بعد طیارہ انہیں برطانیہ کے ملڈن ہال ایئربیس لے گیا۔ پرواز کے دوران ایف-16 لڑاکا طیاروں نے اس کی حفاظت کی۔وائٹ ہاؤس نے کہا کہ ٹرمپ کو متعدد خطرات کا سامنا رہا ہے ، جن میں ایران سے لاحق خطرات بھی شامل ہیں، اور سیکرٹ سروس نے ان کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے ۔سی آئی اے نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا۔

ٹرمپ کا آبنائے ہرمز پر کنٹرول کا دعویٰ؛ ایران کی تردید
واشنگٹن 13 اگسٹ ( ایجنسیز ) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے آبنائے ہرمز پر امریکی کنٹرول کے دعوے کے بعد ایران نے اسے سختی سے مسترد کردیا ہے۔ تہران کا کہنا ہے کہ آبنائے کی صورتحال اس کی اپنی سلامتی اور علاقائی مفادات سے براہ راست وابستہ ہے۔ عالمی شپنگ کمپنیوں کے لیے موجودہ صورتحال میں راستوں، انشورنس اور سکیورٹی اخراجات کا مسئلہ اہم بن گیا ہے۔ اگر بحران طویل ہوا تو عالمی تیل کی قیمتوں اور ایشیا، یورپ اور امریکہ کی توانائی منڈیوں پر اس کے اثرات مزید بڑھ سکتے ہیں۔