ٹوئیٹر نے نفرت انگیز پوسٹس پر امتناع میں توسیع کردی

   

سان فرانسسکو ۔ 6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اب جبکہ کورونا وائرس کا خوف ساری دنیا میں پایا جارہا ہے، اس موقع پر سوشیل میڈیا کا اہم پلیٹ فارم ٹوئیٹر نے غیرانسانی زبان کا استعمال کرنے پر عائد تحدیدات میں بیماری کو بھی شامل کرلیا ہے۔ ایک ایسا ضابطہ جس کے تحت اب تک صرف نفرت انگیز تقاریر پر ہی امتناع کی بات کہی گئی تھی لیکن اب عمر، معذوری اور بیماری کیلئے غیرانسانی زبان کا استعمال کرنے والے بھی اس پابندی کیلئے تحدیدات کی زد میں آئیں گے۔ ٹوئیٹر سیفٹی ٹیم نے اپنی ایک آن لائن پوسٹ میں یہ بات کہی جس کا مقصد آف لائن کسی بھی نوعیت کے نقصان کو روکنا ہے۔ ریسرچ یہ بتاتی ہیکہ غیرانسانی زبان کے استعمال سے نقصان کے اندیشے بڑھ جاتے ہیں چاہے وہ مالی نقصان ہو یا جانی۔ ٹوئیٹر پر پہلے سے ہی پوسٹ کئے گئے ٹوئیٹس جو ضابطہ کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں، انہیں حذف کردیا جائے گا۔