آپ کچن میں رکھے پرانے کپ یہ کہہ کر ضائع نہ کیجئے کہ ان میں سے کسی کا ایک آدھ کونہ ٹوٹ گیا ہے یا پلیٹ ٹوٹ گئی تو کپ بے کار ہو گیا ہے یا سیٹ کے دو کپ رہ گئے، باقی سب ٹوٹ گئے۔خاتونِ خانہ کے دل سے ایک ہوک سی اٹھتی ہے، وہ آہ بھر کر اپنے شاندار اور دیدہ زیب ٹی سیٹ کو دیکھتی رہ جاتی ہیں مگر اب نہیں۔ہر ایسے ٹی کیس اور پلیٹ کو گھریلو آرائش کیلئے استعمال کیجئے۔کیسے اور کیونکر؟ آئیں سیکھتے ہیں۔میک اپ اسٹینڈ : یہ پرانے برتنوں کا ایک اور بہتر استعمال ہو سکتا ہے۔بس یہ دیکھ لیجئے کہ کسی برتن کے کنارے نہ ٹوٹے ہوں۔بد رنگ وضع کا نہ ہو اور ڈیزائن خوبصورت ہے تو اسے ضائع نہ کریں۔پلیٹ، پیالے اور کپ کچھ بھی روزمرہ کی آرٹیفشل جیویلری کو ذخیرہ کرنے کیلئے استعمال کر لیجئے۔کپ اور گلاس کو ہولڈر کے طور پر استعمال کر لیجئے۔دفاتر اور کئی گھروں میں بھی مگ میں اسٹیشنری اور ضروری اشیاء وغیرہ محفوظ کی جاتی ہیں اور یہ اشیاء کمرے کی رونق بڑھا دیتی ہیں۔ ٹی کپ کینڈلز : خوشبودار موم بتیاں گھریلو آرائش کے جمالیاتی پہلو کو نمایاں کرتی ہیں۔یہ آپ کے حسن نظر کی اور بھی عکاسی کریں گی جب آپ پورے ٹی سیٹ سے ایک یا دو باقی رہ جانے والے ٹی کیس میں خوشبو دار موم ڈال کے مختلف رنگوں کی چھوٹی موم بتیاں روشن کریں گی۔اس تیار شدہ کیس کو آپ کسی عزیز ہستی کو تحفتاً بھی دے سکتی ہیں۔بجائے بازار میں یکساں سے کینڈل اسٹینڈ لینے کے آپ خود تحفہ تیار کیجئے اور اپنے خلوص و چاہت کا اظہار یوں بھی کیا جا سکتا ہے۔