ٹوپی سے یاد آیا،ٹوپی خود پہنو کسی کو نہ پہناؤ:سلمان خان

   

ممبئی، 3 مئی (آئی اے این ایس) بالی ووڈ کے سوپر اسٹار سلمان خان نے سوشل میڈیا پر اپنی تازہ پوسٹ کے ذریعے مداحوں کو کچھ حوصلہ افزا اور عملی زندگی سے جڑی نصیحت دی۔ فلم بجرنگی بھائی جان کے اداکار نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر چند تصاویر شائع کیں، جن میں وہ سادہ سیاہ ٹی شرٹ کے ساتھ کلاسک بلیک فیڈورا ہیٹ پہنے نہایت دلکش نظرآرہے ہیں۔ تاہم سب سے زیادہ توجہ ان کے کیپشن نے حاصل کی۔ سلمان خان نے ہنگلش میں لکھا سوچ یہی ہے کسی بھی فیلڈ میں۔ پہلے سوچ لو، سمجھ لو، خود کو واضح کر لو، فیصلہ لو اور پھر سب کچھ بھول کر آگے بڑھو، اور ٹوپی سے یاد آیا، ٹوپی خود پہنو،کسی کو نہ پہناؤ اور نہ کسی کو اپنے اوپر ٹوپی پہنانے دو۔انہوں نے ٹوپی کو بطور استعارہ استعمال کرتے ہوئے ایمانداری اور دیانت داری کی اہمیت پر زور دیا۔ سلمان نے کہا ہے کہ نہ خود کسی کو دھوکہ دینا چاہیے اور نہ ہی کسی کو اپنے ساتھ ایسا کرنے کی اجازت دینی چاہیے۔حسبِ توقع، صارفین نے کمنٹ سیکشن میں دلچسپ ردعمل دیا۔ ایک صارف نے لکھا سلمان سر، میں آپ کا بہت بڑا مداح ہوں، آپ کی تصاویر دیکھ کر اتوار اور بھی خاص ہوگیا۔دوسرے صارف نے تبصرہ کیا، بہت زیادہ فٹ اور خوبصورت لگ رہے ہیں۔ایک اور مداح نے لکھا، میری جان، میری محبت، میرے آئیڈیل، میرے بھائی… ہمیشہ محبت۔ جبکہ ایک اور صارف نے کہاکوئی اتنا خوبصورت کیسے ہو سکتا ہے… میں آپ سے محبت کرتا ہوں۔کام کے حوالے سے، سلمان خان اس وقت اپنی آنے والی فلم ماترو بھومی: مے وار ریسٹ اِن پیس میں مصروف ہیں۔ یہ فلم سلمان خان فلمزکے بینر تلے سلمان کی والدہ سلمیٰ خان کی پروڈیوس کردہ ہے، جبکہ اس کی ہدایت کاری اپوروا لکھیا کر رہے ہیں۔ فلم میں چترانگدا سنگھ مرکزی خاتون کردار ادا کر رہی ہیں۔ماترو بھومی 15 جون 2020 کے حقیقی واقعات پر مبنی ہے، جب ہندوستانی فوجیوں اور چینی افواج کے درمیان وادی گلوان میں جھڑپ ہوئی تھی۔ اس فلم میں کرنل سنتوش بابو (جن کا کردار سلمان خان ادا کر رہے ہیں) اور 16بہار رجمنٹ کی کہانی پیش کی گئی ہے۔